وزیراعلیٰ پنجاب نے بولے بغیر قبضہ گروپوں کی چیخیں نکلوا دیں: عوامی تحریک لاہور
شریف برادران نے سیاسی مفادات کے لیے کمرشل زمینوں، پلاٹوں پر قبضے کروائے
قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن پر چیف جسٹس، سردار عثمان بزدار مبارکباد کے مستحق ہیں
’’فُقرے‘‘ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالک بنے، کڑا احتساب ہونا چاہیے: افضل گجر و دیگر
لاہور (17 دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر، امیر لاہور حافظ غلام فرید اور اشتیاق حنیف مغل نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بولے بغیر قبضہ مافیا کی چیخیں نکلوا دیں، شریف برادران نے سیاسی مفادات کے لیے سرکاری زمینوں پر قبضے کروائے اور خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا، اشرافیہ کے دور حکومت میں قبضہ مافیا ایک نئی کریمنل کلاس کے طور پر سامنے آیا جس کی جڑیں سرکاری ایوانوں تک پھیلی ہوئی تھی اور اس مافیا کو ریاستی ادارے پولیس کے بدنام زمانہ پولیس افسران کی پشت پناہی حاصل تھی۔ رہنماؤں نے کہا کہ پہلے 100 دنوں میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہزاروں کنال کی قیمتی سرکاری زمینوں کا قبضہ واگزار کروانا وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کی ایک بڑی کامیابی ہے جس پر مبارکباد دیتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ لینڈ مافیا کو سب سے بڑا ڈر یہی تھا کہ ’’گاڈ فاردرز‘‘ کی رخصتی سے انہیں اربوں کی ہتھیائی گئی زمینوں اور پراپرٹیز سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں اسی لیے مافیا گاڈ فادرز کی پشت پر کھڑا رہا، رہنماؤں نے کہا کہ لاہور میں 2011، 12 میں ناجائز پلازوں کو مسمار کرنے کی آڑ میں شریف خاندان اور ان کے حواریوں نے بڑی بڑی دہاڑیاں لگائیں’’مالی ٹارگٹ‘‘ پورا ہونے پر آپریشن روک دیا گیا تھا، سابق حکمرانوں کا ہر کام اور منصوبہ دہاڑیوں کے لیے ہوتا تھا، آج پہلی بار قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن میں اخلاص نظر آرہا ہے اور اس کا نتیجہ بھی برآمد ہورہا ہے۔
افضل گجر نے کہا کہ اشرافیہ کے حواریوں، ایم این ایز اور ایم پی ایز نے اربوں کی دہاڑیاں لگائیں ’’فقرے‘‘ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالک بن گئے، لٹیروں کا بے رحم احتساب ہونا چاہیے، رہنماؤں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لینے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وہ ایکشن جاری رکھیں، رزق حلال کمانے اور کھانے والوں کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔
تبصرہ