عوامی لائرز موومنٹ کا لاہور بار الیکشن میں اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کی حمایت کا اعلان
وکلاء نے ہمیشہ قانون، آئین اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی، لہراسب گوندل ایڈووکیٹ
روشن، پر امن، خوشحال پاکستان کیلئے ہم سب کو قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہو گا:ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ
وکلاء کے مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیح ہو گی، انشا اللہ وکلاء کے اعتماد پر پورا اتروں گا: چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ رفاقت کاہلوں ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، حفیظ الرحمن چوہدری ایڈووکیٹ کا تقریب سے خطاب
لاہور (13 دسمبر 2018) پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کے زیراہتمام لاہور بارایسوسی ایشن کے الیکشن میں صدارت کے امیدوار معروف قانون دان چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں عوامی لائزر موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری لہراسب خان گوندل ایڈووکیٹ، سیکرٹری جنرل محمد حسین شاہین ایڈووکیٹ، رفاقت کاہلوں ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ سمیت وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں عوامی لائرز موومنٹ نے لاہور بارایسوسی ایشن کے الیکشن میں صدارت کے امیدوار معروف قانون دان چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
لہراسب گوندل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کامیابی کے بعد وکلاء برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ وکلاء کے مسائل کا حل چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کی پہلی ترجیح ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے ہمیشہ قانون، آئین اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی ہے اورآئیندہ بھی قانون و انصاف کی بالادستی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ وکلاء ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کی مکمل حمایت کرتے ہیں، وکلاء رہنماؤں نے ملک کو باوقار مقام دلانے کیلئے ہمیشہ قانون کی بالادستی کو اہمیت دی ہے۔ وکلاء نے آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے تاریخی جدوجہد کی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل عوامی لائزر موومنٹ ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء برادری نے قانون، آئین و جمہوریت کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ روشن، پر امن، خوشحال پاکستان کیلئے ہم سب کو قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء ہمیشہ ہر اول دستہ رہے ہیں۔ سماجی انصاف، معاشی بہتری اور ملک میں قانون کی حکمرانی کیلئے وکلاء نے ہمیشہ کردار ادا کیا ہے اور کرتے رہینگے۔ چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کامیابی کے بعد مثبت رویوں کو پروان چڑھانے، سماجی انصاف اور قانون کی حکمرانی کیلئے کام کرینگے۔ وکلاء معاشرے کا ایک ایسا طبقہ ہیں جو لوگوں کی رائے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ کامیابی کے بعد معاشرے کی بہتری کیلئے یقیناًکلیدی کردار ادا کرینگے۔
لاہور بارایسوسی ایشن کے الیکشن میں صدارت کے امیدوار معروف قانون دان چودھری اویس احمد قاضی ایڈووکیٹ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کامیابی کے بعد انشا اللہ وکلاء کے اعتماد پر پورا اتروں گا، وکلاء کے مسائل کا حل ہماری پہلی ترجیح ہو گی۔ عوامی لائرز ونگ نے ہمیشہ ساتھ دیا اور اس بار بھی انکی حمایت کا مشکور ہوں۔ وکلاء برادری میرا اثاثہ ہے انکے بغیر حق و انصاف کی جدوجہد میں کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔ چودھری لہراسب گوندل ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین اور تقریب میں موجود تمام وکلاء رہنماؤں کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
تقریب سے حفیظ الرحمن چوہدری ایڈووکیٹ، رفاقت علی کاہلوں ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ، سعید الحسن ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، نذیر احمد خان ایڈووکیٹ، امتیاز چودھری ایڈووکیٹ، رانا وحید احمدایڈووکیٹ و دیگر وکلاء رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ