’’لوہے کا چنا ‘‘ڈاکٹر طاہرالقادری کو پاکستان آنے پر ’’شاندار استقبال ‘‘کی دھمکیاں دیتا تھا
لوٹ مار کے ریکارڈ بنانے والوں کی ریکارڈ گرفتاریاں جاری ہیں:
خرم نواز گنڈاپور
شریف برادران اور ان کے حواری کرپشن میں ناک ناک تک ڈوبے ہوئے ہیں
خواجہ رفیق بڑے انسان تھے، سعدرفیق بڑے آدمی کا چھوٹا بیٹا ثابت ہوا، سیکرٹری جنرل
PAT
لاہور (11دسمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سعد رفیق کی گرفتاری کے ردعمل میں کہا کہ لوٹ مار کے ریکارڈ بنانے والوں کی ریکارڈ گرفتاریاں جاری ہیں۔ سب سے زیادہ گرفتاریاں ان کی ہورہی ہیں، شریف برادران اور ان کے حواری ناک ناک تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں’’ لوہے کا چنا‘‘ ڈاکٹر طاہرالقادری کو جون 2014 ء میں پاکستان آنے پر ’’شاندار استقبال‘‘ کی دھمکیاں دیتا تھا، آج نیب کی طرف سے ان کے ’’پرتپاک استقبال‘‘ کے منظر پوری قوم دیکھ رہی ہے۔گرفتاریاں اور ریفرنس بنانا کافی نہیں، لوٹ مار کی پائی پائی ریکور کی جائے، پاکستان چلانے کے لیے دنیا سے بھیک مانگنے کی بجائے لٹیروں کو عبرت کا نشان بنایا جائے اور ان کے حلق میں انگلی ڈال کر لوٹ مار کا مال برآمد کیا جائے۔
انہوں نے ردعمل میں کہا کہ جنہوں نے سب سے زیادہ لوٹ مار کی اور سب سے زیادہ جائز و ناجائز طریقے سے اقتدار میں آتے رہے سب سے زیادہ گرفتاریاں بھی انہی کی ہو رہی ہیں، لوہے کا یہ چنا سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا بھی نامزد ملزم ہے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ 90 ء کی دہائی تک جو موٹر سائیکل پر گھوما کرتے تھے اور ان کے گھروں کے خرچے مخیر حضرات چلاتے تھے، وہ عالیشان گھروں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالک کیسے بنے اس کا جواب ضرور لیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کے والد خواجہ رفیق شہید ایک معتبر سیاستدان اور صاحب کردار شخص تھے، انہوں نے جان دے دی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہ کیا، سعد رفیق بڑے باپ کا چھوٹا بیٹا ثابت ہوا، جنہوں نے سیاست کو دولت کے پہاڑ کھڑے کرنے کا ذریعہ بنایا وہ بھول گئے تھے کہ ایک دن یوم حساب کا بھی ہوتا ہے۔ خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ 21 ویں صدی میں آزاد میڈیا، آزاد عدلیہ اور باشعور عوام کے ہوتے ہوئے کوئی ادارہ کسی کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے اور نہ ہی انتقامی کارروائیوں کا پروپیگنڈا کر کے اداروں اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا سکتی ہے۔ محب وطن اور کرپشن کے زخم خوردہ عوام سمجھتے ہیں ملک لوٹنے والوں کا احتساب ہورہا ہے ۔
تبصرہ