انصاف کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کا نصب العین ہے: چودھری ظہیر الدین
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے حکومت مظلوموں کے ساتھ ہے
صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن سے عوامی تحریک کے وفد کی ملاقات
لاہور (27 نومبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کا وفد صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین سے ملا، وفد میں جی ایم ملک، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، جواد حامد، عبد الحفیظ چودھری شامل تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ انصاف کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم عمران خان سے لیکر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تک پوری حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے ساتھ ہے اور انصاف کی فراہمی کیلئے حکومت اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 4 سال گزر جانے کے بعد بھی ورثا کو انصاف نہ ملنا تکلیف دہ امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق مظلوموں کو انصاف دینے کیلئے حکومت، عدلیہ اور جملہ ادارے ایک پیج پر ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا کہ ماضی میں پولیس سمیت تمام تحقیقاتی ادارے اورکمیٹیاں مقتولوں کی بجائے قاتلوں کا ساتھ دیتے رہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی آج کے دن تک غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں ہوئی۔ ہمارا ایک ہی مؤقف ہے کہ سانحہ کی از سر نو تفتیش ہونی چاہیے۔
تبصرہ