قومی لٹیروں کو سیاسی جماعتوں کی قیادت کرنے کا کوئی قانونی، اخلاق حق نہیں: خرم نواز گنڈاپور
حضور نبی اکرم ﷺ نبوت کے منصب پر فائز ہونے سے قبل صادق اور امین کے لقب سے مشہور تھے
جن معاشروں میں صداقت اور امانت پر کمپرومائز کر لیا جائے وہ انسانی نہیں حیوانی ہو جاتے ہیں
11 اور 12 ربیع الاول کو مینار پاکستان 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے
لاہور (11 نومبر 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جنہوں نے ملک لوٹا انہیں لیڈر کہنا وطن سے بے وفائی ہے، کسی قومی لٹیرے کو سیاسی جماعت کی قیادت کرنے کا کوئی قانونی، اخلاقی حق حاصل نہیں، حضور نبی اکرم ﷺ منصب نبوت پر فائز ہونے سے قبل صادق اور امین کے لقب سے مشہور تھے، جن معاشروں میں صداقت اور امانت پر کمپرومائز کر لیا جائے وہ انسانی نہیں حیوانی ہو جاتے ہیں، پاکستان کو بچانے کے لیے لٹیروں کو نشان عبرت بنانا ہو گا، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں سے کروڑوں روپے کی کرنسیوں کی برآمدگی اور کلفیوں، فالودے والوں کے اکاؤنٹس سے کروڑوں، اربوں کی ٹرانزیکشن پکڑی جانے پر بھی یہ کہنا کہ انتقام لیا جارہا ہے بہت بڑا ظلم اور مکر ہے۔ ان ظالموں نے غریب کے تن سے کپڑا، پیٹ سے روٹی اور حلق سے صاف پانی کا گھونٹ چھینا، ان کا انجام عبرتناک ہو گا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ احسن اقبال پڑھا لکھا جاہل ہے، کوئی ایک نمبر شخص دو نمبر اشرافیہ کا ترجمان نہیں ہوسکتا، پاکستان سے نمک حلالی کی بجائے چوروں کی نمک حلالی ملک سے بے وفائی ہے، اربوں روپے کی کرپشن پکڑے جانے پر بھی چوروں کا ساتھ دینے والے چور ہی ہو سکتے ہیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہمارے رول ماڈل حضرت محمد ﷺ ہیں جنہوں نے کمزوروں، مظلوموں، مقتولوں کا ساتھ دیا، نبی اکرم ﷺ کا سچا امتی کبھی کسی ظالم اور لٹیرے کا ساتھی نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان پر عظیم الشان 35ویں عالمی میلاد کانفرنس منعقد ہو گی جس کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، صدارت قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کرینگے، کانفرنس میں شرکت کیلئے صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، سیاسی، سماجی، تجارتی حلقوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، جملہ مذاہب اور مسالک کے علماء و نمائندگان شریک ہونگے، یہ کانفرنس بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے دعوت نامے جاری کر دئیے گئے، اہل لاہور اور مضافات کے اضلاع کے عوام کو شرکت کی دعوت عام دے رہے ہیں۔
تبصرہ