عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس، کارکنان کے قتل کی مذمت
گجرات میں کارکنان کے قتل کرنے والے مجرم بلاتاخیر گرفتار کیے
جائیں، وزیراعلیٰ نوٹس لیں
خرم نواز گنڈاپور، رفیق نجم، سردار شاکر مزاری، رانا محمد ادریس، احمد نواز انجم
ودیگر کی مذمت
آبی ذخائر ملک کی ضرورت، غفلت برتنے والے قومی مجرم ہیں:
خرم نواز گنڈاپور
لاہور (8 ستمبر2018) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس میں گجرات میں منہاج القرآن کے دو کارکنان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مجرموں کی بلاتاخیر گرفتاری اور انہیں کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، اجلاس کی صدارت عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کنجاہ قینچی تنظیم کے دو کارکنان عبدالطیف آرائیں اور شاہد حیات وڑائچ کو مقامی غنڈوں نے بھتہ نہ دینے پر قتل کیا، یہ غنڈے عرصہ دراز سے شراب نوشی کر کے شرفاء کو تنگ کرتے تھے جس کی رپورٹ تھانہ کنجاہ میں درج کروائی گئی تھی مگر اس کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہوئی اور بعدازاں قتل کی یہ وارداتیں ہو گئیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو ذاتی حیثیت میں دوہرے قتل کی اس سنگین واردارت کا نوٹس لینا چاہیے، گجرات کے عوام، سول سوسائٹی، عوامی تحریک اورتحریک منہاج القرآن کے کارکنان مجرموں کی عدم گرفتاری پر سراپا حتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کا گرفتار نہ ہونا قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی پولیس کی ناکامی ہے۔
اجلاس میں بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، احمد نواز انجم، سردار شاکر مزاری، جی ایم ملک، رفیق نجم، رانا محمد ادریس، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سید امجد علی شاہ، عدنان جاوید، راجہ زاہد محمود، مظہر محمود علوی، افنان بابر، عرفان یوسف و دیگر رہنماشریک تھے، رہنماؤں نے مجرموں کی بلاتاخیر گرفتاری کا مطالبہ کیااور کہا کہ حکومت لاء اینڈ آرڈر اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی پہلی ترجیح بنائے۔
دریں اثناء سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں کہا گیا کہ آبی ذخائر ملک کی ناگزیر ضرورت ہیں، انہیں بلاتاخیر تعمیر ہونا چاہیے، آبی ذخائر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ماضی میں ان ذخائر کی تعمیر میں غفلت برتنے والوں کی کڑی گرفت ہونی چاہیے، غفلت برتنے والے قومی مجرم ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ گزشتہ حکومت بظاہر بڑے ڈیمز بنانے کی بات کرتی رہی مگر عملاً قومی وسائل، اورنج لائن اور میٹرو بسوں کے قومی منصوبوں پر جھونکے گئے، اب قومی مفاد کے منصوبوں پر بلاتاخیر عملدرآمد ہونا چاہیے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قومی ایشوز پر ہماری کوئی سیاست نہیں جو بھی ملک اور قوم کیلئے بہتر منصوبہ ہو گا اس کی بھرپور حمایت کریں گے، ہم نے اپنے بے گناہ کارکنوں کے قاتل شریف برادران کی حکومت میں تشکیل دئیے جانے والے دہشتگردی کے خاتمے کے نیشنل ایکشن پلان کی حمایت کی تھی، جو بھی ملک اور قوم کے مفاد میں ہو گا اس کی حمایت کرینگے، سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں رفیق نجم، سردار شاکر مزاری، احمد نواز انجم اور رانا محمد ادریس نے تنظیم سازی، ممبر شپ کے حوالے سے اپنے اپنے زون کی بریفنگ دی اور کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق گراس روٹ پر تنظیم سازی کیلئے جدوجہد تیز کر دی ہے۔
تبصرہ