لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جائے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے گریز کیا جائے: خرم نواز گنڈاپور
30، 31 اگست 2014 کی درمیانی رات اسلام آباد میں نہتے عوام پر پولیس نے قیامت برپا کی
مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے: سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (31 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ پر قابو پایا جائے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے گریز کیا جائے، عوام ریلیف کے منتظر ہیں۔ گردشی قرضے ہوں یا لائن لاسز بہر حال لوڈ شیڈنگ نے نظام زندگی کو بری طرح مفلوج کر رکھا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کی وجوہات قوم کے سامنے رکھی جائیں اور بلا تاخیر اس کا کوئی حل ڈھونڈا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا فرسودہ ترسیلی نظام بھی لوڈ شیڈنگ کی ایک بڑی وجہ ہے، سابق حکمران وافر بجلی ہونے کا ڈھنڈورا پیٹتے رہے مگر عملاً لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 14گھنٹے رہا، آج یہ دورانیہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے، اشیائے خورونوش سستی ہونگی تو اسکا براہ راست فائدہ غریب آدمی کو ہو گا۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 30، 31 اگست 2014 کی درمیانی رات اسلام آباد میں نہتے عوام پر پولیس نے جو قیامت برپا کی اسے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ عالم انسانیت قیامت تک نہیں بھول پائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکمران 17 جون کو سانحہ ماڈل ٹاؤن اور 30، 31 اگست 2014 کی شب بے گناہوں کے قتل کے ذمہ دار ہیں۔ قاتل حکمرانوں نے ریڈ زون کو میدان جنگ بنانے کے احکامات جاری کئے۔ عوامی تحریک کے نہتے کارکنوں پر لاٹھی چارج، جان لیوا کیمیائی آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کے نام پر اصل گولیاں چلائی گئیں۔ خواتین، بچوں، بوڑھوں، جوانوں سمیت سینکڑوں لوگ زخمی اور کئی کارکن شہید ہوئے۔ 30، 31 اگست 2014 کی شب پنجاب پولیس نے نہتے مظاہرین پر جو ظلم ڈھائے ان مناظر نے ہر آنکھ کو آبدیدہ کر دیا تھا۔ ماڈل ٹاؤن اور اسلام آباد کے شہداء و زخمیوں کے ورثاء انصاف کے منتظر ہیں۔
تبصرہ