ڈاکٹر طاہرالقادری کا کلدیپ نیئر کے انتقال پر اظہار افسوس
کلدیپ نیئر کا قلم نفرت کی آگ بجھانے، محبت کے دیے جلانے کیلئے اٹھا
لاہور (25 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معروف بھارتی صحافی، مصنف، دانشور کلدیپ نیئر کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ کلدیپ نیئر عوام کے وسیع تر مفاد میں پاک بھارت تعلقات میں امن اور بہتری لانے کے خواہاں رہے ہیں، ان کی تحریریں غیر متعصب اور انسان دوستی پر مبنی تھیں، وہ دو طرفہ مسائل کے حل کیلئے بات چیت کے حامی اور باہمی عزت و احترام کے قائل تھے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کلدیپ نیئر نے نفرت کی آگ بجھانے اور محبت کے دیے جلانے کیلئے قلم اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی مثبت سوچ کے باعث بھارت اور پاکستان کے پڑھے لکھے ادبی، سیاسی، صحافتی حلقوں میں یکساں مقبول تھے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خطہ کا خوشحال مستقبل اعتدال پر مبنی فکر سے جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلدیپ نیئر جیسے لوگ اپنوں اور پرائیوں میں عزت کی نظر سے دیکھتے جاتے ہیں ایسے لوگ بہت تھوڑے ہوتے ہیں، ان کے وجود ممالک اور معاشروں کیلئے غنیمت ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دو حقیقتیں ہیں دونوں ممالک کو اپنے سلگتے مسائل وسیع القلبی کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں، خطہ کے ڈیڑھ ارب سے زائد عوام کا بہتر مستقبل عدم تشدد اور مذاکرات سے جڑا ہے۔
تبصرہ