پیپلز پارٹی نے سپیکر کے انتخابی نتائج کے اعلان پر پختہ جمہوری رویے کا مظاہرہ کیا: خرم نواز گنڈاپور
ایوان میں مجرم کے حق میں نعرے شرمناک ہیں، نواز لیگی اراکین غلامانہ سوچ سے باہر نکلیں
الیکشن کمیشن نواز لیگ کی رجسٹریشن کینسل کیے جانے کا فیصلہ 10 ستمبر کو سنائے گا، گفتگو
اسلام آباد (15 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اسدقیصر کو سپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے نواز لیگی اراکین اسمبلی کی طرف سے ایوان میں مجرم نواز شریف کے حق میں نعرہ بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے کہا کہ نواز لیگی اراکین اسمبلی غلامانہ سوچ سے باہر نکلیں، ایک مجرم کا ساتھ دینے کی بجائے عدالتی فیصلے اور ووٹ کو عزت دیں، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سپیکر کا الیکشن پیپلز پارٹی ہاری مگر انہوں نے انتخابی نتائج کے اعلان پر کھلے دل سے نتیجہ تسلیم کیا اور پختہ جمہوری سوچ کا مظاہرہ کیا جس پر پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کا سپیکر کا امیدوار ہارا اس نے شائستگی کا مظاہرہ کیا اور جن کا امیدوار ہی نہیں تھا وہ بہت تکلیف میں نظر آئے، اس کا مطلب ہے نواز لیگی مافیا کو جمہوری اقدار، روایات اور ووٹ کی عزت سے کوئی غرض نہیں ان کا مسئلہ جیل میں بند گاڈ فادر کو خوش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن کی دیگر چھوٹی جماعتیں ن لیگ کی تخریبی کارروائیوں سے دور رہیں گی۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی کہ ن لیگ سزا یافتہ نواز شریف کے نام پر رجسٹرڈ ہے جو غیر قانونی ہے لہٰذا ن لیگ کی رجسٹریشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں پیشیوں کے بعد 15 اگست کی تاریخ پر الیکشن کمیشن میں تفصیلی بحث ہوئی کہ آیا سزا یافتہ شخص کے نام پر ن لیگ کی رجسٹریشن برقرار رہ سکتی ہے یا نہیں، الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے 10 ستمبر کو فیصلہ سنانے کے حوالے سے آگاہ کیا ہے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ المیہ ہے کہ ن لیگ نے ایک سزا یافتہ شخص کے نام پر رجسٹرڈ جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑا جو غیر قانونی ہے اس عمل سے پاکستان کا اسلامی جمہوری تشخص متاثر ہوا، ہم نے آئینی قانونی حوالوں سے یہ ثابت کیا کہ ن لیگ اس وقت غیر قانونی جماعت ہے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ خاندانی افراد کے نام پر سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن پر پابندی ہونی چاہیے، جو جماعت کسی فرد واحد کے نام پر رجسٹرڈ ہو وہ جمہوری نہیں ہو سکتی ؟ افراد کے ناموں سے سیاسی جماعتیں نہیں کاروباری کمپنیاں رجسٹرڈ ہوتی ہیں۔
تبصرہ