آئندہ حکومت کی پہلی ترجیح لاء اینڈ آرڈر میں بہتری ہونی چاہیے: عوامی تحریک
گلگت اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات قابل مذمت ہیں: خرم نواز گنڈاپور
سہولت کاروں کے خاتمے تک وطن عزیز دہشتگردی سے پاک نہیں ہوگا: سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (12 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، وطن عزیز میں دہشتگردی کی تازہ لہر لمحہ فکریہ ہے، معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آج بھی دہشتگردی ایک بڑا چیلنج ہے، دہشتگردوں کے سہولت کار اور فنانسر پاکستان سے باہر بھی ہیں اور اندر بھی ہیں۔ سابق حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا ہوتا تو آج دہشتگردی اور انتہا پسندی ختم ہو چکی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی اہم شقوں میں غیر ملکی فنڈنگ روکنا اور کرپشن کے خلاف سخت کارروائی کرنا شامل تھا، کیونکہ کرپشن اور دہشتگردی کا چولی دامن کا ساتھ ہے مگر سابق حکمرانوں نے بوجوہ ان دونوں شقوں پر عملدرآمد نہیں ہونے دیا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وطن عزیز میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے لاء اینڈ آرڈر کو مثالی بنانا ضروری ہے، حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ڈرانا ہے۔ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں دہشتگردی ہو رہی ہے۔ بلوچستان اس وقت عالمی ترقیاتی منصوبوں کا مرکز ہے اور دشمن نہیں چاہتے یہ منصوبے مکمل ہوں اور پاکستان ترقی کرے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے انجینئرز اور ہنر مند افرادی قوت پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں اور چینی انجینئرز کو ٹارگٹ کرنے والے دہشتگرد پاکستان کو معاشی حوالے سے پاؤں پر کھڑا ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت لاء اینڈ آرڈر کی بہتری کو اپنی فہرست میں پہلے نمبر پر رکھے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں، انجینئرز اور ہنر مند افرادی قوت کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔
تبصرہ