اس نظام میں انصاف کے لیے مظلوموں کو لاشیں سڑکوں پر رکھنا پڑتی ہیں: خرم نواز گنڈاپور
نیب پراسیکیوٹر نے نواز شریف کی رہائی کا نسخہ بتا دیا، حسین نواز باپ کے لیے قربانی دیں
انصاف تھانوں سے ملتا تو مظلوم دربدر نہ ہوتے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (7 اگست 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مقتولین کے ورثا کا حصول انصاف کے لیے لاشوں کے ہمراہ سڑکوں پر دھرنے دینا بے حسی اور انصاف دینے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، جس نظام میں انصاف کے لیے مظلوم اداروں کی بجائے سڑکوں پر آئیں ایسے نظام کو دفن کر دینا چاہیئے، انہوں نے پھلروان میں ایک ہی فیملی کے 5 افراد کے قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ مظلوم خاندان سے پورا انصاف ہونا چاہییے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداران سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں 10 سال حکومت کی اور دس سال کا ہر دن اداروں بالخصوص پولیس کو کمزور کیا، پولیس کے ادارے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا اور آج انصاف کے خواہاں عوام سمجھتے ہیں کہ انہیں انصاف تھانوں سے نہیں سڑکوں پر جانے سے ملے گا۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب نے نواز شریف کی جیل سے رہائی کا نسخہ بتا دیا ہے کہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز آ کر کہہ دیں کہ جائیداد میں نے خریدی تو نواز شریف الزام سے بری ہوجائیں گے جبکہ خود نواز شریف بھی کہہ چکے ہیں کہ پانامہ کیس میں میرا نہیں میرے بیٹوں کا نام ہے، انہوں نے کہا کہ بیٹے والدین کی عزت اور آرام کے لیے ہمیشہ قربان ہوتے ہیں، حسین نواز کو چاہییے کہ وہ احتساب عدالت میں پیش ہوکر جائیدادوں کی خریداری کا اعتراف کریں اور اپنے اس باپ کو جیل کی سلاخوں سے نکلوائیں جنہوں نے انہیں پالا، جوان کیا اور انہیں لندن جیسے دنیا کے مہنگے ترین شہر میں اربوں روپے کا کاروبار کروایا۔
تبصرہ