اے پی سی ایک دوسرے سے اظہار تعزیت کی ایک مختصر تقریب تھی: پاکستان عوامی تحریک کا رد عمل
حکومت نے ابھی کام شروع نہیں کیا اور احتجاج کے منصوبے بننا شروع ہوگئے
اے پی سی میں شریک آدھے رہنما جلد کرپشن کیسز میں جیلوں میں چلے جائیں گے:پی اے ٹی
لاہور: (2 اگست 2018) آل پارٹیز کانفرنس کے رد عمل میں ترجمان پاکستان عوامی تحریک نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ہمیشہ حکومت کے خلاف بنتا ہے پہلا موقع ہے کہ حکومت ابھی بنی نہیں اور اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد پہلے قائم ہوگیا۔ حکومت نے ابھی کام شروع نہیں کیا اور احتجاج کے منصوبے بننا شروع ہوگئے۔ ترجمان نے کہا کہ اے پی سی میں شریک آدھے رہنما جلد ہی کرپشن کیسز میں جیلوں میں چلے جائیں گے۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے حکومت بننے سے پہلے حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ اے پی سی میں شریک آدھے سے زیادہ رہنما وہ ہیں جن کو اب پرانی تنخواہ پر بھی کام نہیں ملے گا۔ اے پی سی ایک دوسرے سے اظہار تعزیت کی ایک مختصر تقریب تھی۔ اے پی سی میں شریک ایک مولانا منسٹر ’انکلیو‘ کا گھر خالی کرنے سے پہلے حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ خود کو جمہوریت کا چیمپئین کہنے والوں کے غیر جمہوری طرز عمل نے ان کو قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ شریف برادران نے جمہوریت اس نظام کا نام رکھا ہے جہاں عوام کے حقوق سے کھیلنا وہ اپنا موروثی حق سمجھا جاتا ہے۔ مجبوریت کو جمہوریت کا لبادہ اوڑھا کر عوامی حقوق پر ڈاکا ڈالنے کا شغل کئی سالوں سے جاری ہے۔ ن لیگی حکمرانوں نے نام نہاد جمہوریت کا ماسک پہن کر قومی خزانے پر ہاتھ صاف کیے اور ماڈل ٹاون میں بد ترین ریاستی دہشت گردی کر کے چودہ بے گناہوں کو شہید اور سو سے زیادہ لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کیا۔ سانحہ ماڈل ٹاون کے ذمہ دار شریف برادران ہیں۔ جو ظلم ماڈل ٹاون میں ہوا ایسا ظلم کسی انصاف پسند، قانون کی بالادستی کا دعویٰ رکھنے والے جمہوری معاشرے میں کبھی نہیں ہوا۔
تبصرہ