نواز شریف ڈاکٹر طاہرالقادری کے طیارے کو اترنے نہیں دے رہے تھے : خرم نواز گنڈاپور
رانا ثناء اللہ کا مجرم کے استقبال کو حج سے افضل قرار دینا بیمار ذہنیت کی عکاسی ہے
شہباز شریف میں شرم ہے تو صدارت کا عہدہ چھوڑ دے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (13 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ تمام تر جتن کرنے کے باوجود ن لیگی کارکنوں نے ایک مجرم کے استقبال سے انکار کر کے کرپشن سے نفرت کا اظہار کیا۔ شہباز شریف میں شرم ہے تو صدارت کا عہدہ چھوڑ دے۔ پورے پاکستان سے کارکنوں کو لاہور لانے کیلئے ایڈوانس دئیے گئے تھے مگر لاہور سے بھی عوام نہیں نکلے۔ قومی مجرم اب باقی زندگی جیل میں گزاریں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے اور لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، شہباز کی طلبی کیلئے جو فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے اسے سنا یا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے عوامی تحریک کے محب وطن اور اسلام پسند کارکنوں کے ساتھ جو ظلم کیا تھا آج شریف خاندان کا بچہ بچہ اسکی سزا بھگت رہا ہے یہ قدرت کا انتقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم کے استقبال پر اکسانے والے بھی مجرم کے ساتھی ہیں، اعانت جرم میں انکے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ڈاکٹر طاہرالقادری کے طیارے کو اترنے نہیں دے رہے تھے، آج اسی نواز شریف پر پاکستان کی زمین تنگ ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کا مجرم کے استقبال کو حج سے افضل قرار دینا بیمار ذہنیت کی عکاسی ہے۔ کوئی سفاک قاتل ہی کسی مجرم کے بارے میں ایسی بات کر سکتا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کروڑوں اسلامیان پاکستان کے مذہبی جذبات مجروح کئے، انکے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ وہ قاتل ہے جس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کو شہید کرنے اور 100 کو گولیاں مروانے میں گھناؤنا کردار ادا کیا۔
تبصرہ