متحدہ مجلس عمل کے این اے 133 کے امیدوار افتخار جٹ کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
ڈاکٹر طاہرالقادری کی اسلام کے لیے عالمگیر خدمات کے معترف ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن بدترین سانحہ ہے
لاہور (5 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے متحدہ مجلس عمل کے این اے 133 سے امیدوار پیر حافظ افتخار احمد جٹ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، ان کے ہمراہ چودھری افضل جٹ، چودھری غلام حسین، انیب الرحمن اور قاری عمران بھی تھے، حافظ افتخار جٹ نے کہاکہ کوئی بھی ذی شعور شخص سانحہ ماڈل ٹاؤن پر خاموش نہیں رہ سکتا، ہم نے اس سانحہ کی ہمیشہ مذمت کی اور آج بھی اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ بے گناہوں کے قتل عام کے ملزمان کیفر کردار تک پہنچنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ ہم امن کے فروغ اور اسلام کو انتہا پسندی اور دہشتگردی سے جوڑنے کی عالمی سازشوں کا تحریری اور تقریری سطح پر مدلل جواب دینے اور علمی کاوشیں کرنے پر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خدمات کے معترف ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر محب وطن شہری کا اس بات پر یقین ہے کہ جب تک یہ نظام رہے گا ظلم اور استحصال رہے گا۔
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ بلاشبہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کا ایک بدترین سانحہ ہے اور یہ بھی ایک المیہ ہے کہ اجتماعی قتل عام کے ملزمان ابھی تک قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں موجودہ نظام میں پڑھے لکھے مڈل کلاس کے افراد کیلئے پارلیمنٹ تک پہنچنا ناممکن ہے۔ اس لیے عوامی تحریک کے سربراہ نے انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے آئین کی بالادستی کی بجائے ذات اور خاندان کی بالادستی کو مقدم جانا اور قومی دولت پر ہاتھ صاف کیے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم نے الیکشن کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کیا ہے تاہم قاتلوں، چوروں، لٹیروں، بدعنوانوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
تبصرہ