مشن، قربانی جیسے الفاظ کرپٹ نواز شریف کے منہ میں اچھے نہیں لگتے: عوامی تحریک
شریف خاندان کا مشن لوٹ مار تھا، جو اپنے انجام کو پہنچ چکا: بشارت جسپال، فیاض وڑائچ
جھوٹے شخص نے دشمن کے بیانیے کو اپنی زبان دی، انکی سیاست کا خاتمہ ہوچکا: ردّ عمل
لاہور (4 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے نواز شریف کی لندن پریس کانفرس کے ردّ عمل میں کہا ہے کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، یہاں کرپشن کے ملزم کی خواہش پر عدالتیں فیصلے سنانے کی تاریخیں مقرر نہیں کرتیں، نواز شریف جان لیں جسٹس قیوم جیسے ججز عرصہ ہوا ریٹائر ہوچکے اور نہ ہی احتساب کے ادارے میں کوئی سیف الرحمن بیٹھا ہے، نواز شریف کا مشن لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینا تھا اور ان کا یہ مشن اپنے انجام کو پہنچ چکا، ان کی بڑھکیں صرف الیکشن کی آب و ہوا تک ہیں۔
بشارت جسپال نے کہا کہ نواز شریف ایک بزدل شخص ہے جس کا رزق حلال نہیں ہوتا اس میں جرأت جیسے جذبات پروان نہیں چڑھتے۔ ڈکٹیٹرشپ کے حوالے دینے والے نواز شریف جرنیلوں کی نرسری میں پلے بڑھے، انہی کی انگلی پکڑ کر اقتدار کے سفر طے کرتے رہے، ان سے پیسے لے کر الیکشن لڑتے رہے، چھانگا مانگا کے جنگل سجاتے رہے، فوجی ڈکٹیٹرز کا ذکر کرکے فوج کے خلاف زہر اگلنے والے نواز شریف ایک فوجی ڈکٹیٹر سے گڑ گڑا کر معافی مانگ کر اور تحریری معاہدہ کرکے 10 سال کے لیے جدہ بھاگے، جرأت، مشن اور قربانی جیسے الفاظ کرپٹ نواز شریف کے منہ سے نکلتے اچھے نہیں لگتے۔ جیل کی ہوا سے اس کرپٹ انقلابی کے ہوش ٹھکانے آجائیں گے، پاکستان کے ساتھ کسی اور نے نہیں نواز شریف نے قدم قدم پر برا کیا، پاکستان سے پیسہ لوٹ کر بیرون ملک محلات بنائے، پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگایا، ملکی اداروں کو بدنام کرنے کی مہم چلائی، ایمان اور عقیدے کو اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھایا، دشمن کے بیانیہ کو اپنی زبان دی، نواز شریف ایک کرپٹ، نااہل اور ایک جھوٹا شخص ہے۔ شریف خاندان کا انجام شیخ مجیب کے خاندان سے مختلف نہیں ہوگا۔
فیاض وڑائچ نے کہا کہ لندن میں بیٹھ کے اصول اور شرافت کی بات کرنے والے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو شرم آنی چاہیے، نواز شریف اہلیہ کی بیماری کی آڑ میں کسی مناسب بندوبست کے انتظار میں ہیں مگر کوئی انہیں ہاتھ نہیں پکڑا رہا، حیرت ہے 2 سال تک لندن فلیٹس کی منی ٹریل نہ دینے والا ابھی بھی اصول، ضابطے اور اخلاقیات کی بات کر رہا ہے، شریف خاندان کی سیاست ختم ہوچکی ہے، یہ خاندان باقی زندگی جیل میں گزارے گا، پنجاب کا شوباز بھی جلد ماڈل ٹاؤن کیس اور کرپشن کیس میں جیل جائے گا، پاکستان کے عوام شریف برادران اور شریف خاندان کی کرپشن پر چپ نہیں رہیں گے، الحمدللہ کرپشن کے خلاف عدلیہ تاریخی کردار ادا کر رہی ہے۔
تبصرہ