بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ناانصافی، چیف جسٹس ’’گردشی ظلم‘‘ کا نوٹس لیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
150 ارب کے گردشی قرضوں کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا تو یہ ریاست کی طرف سے شہریوں کا معاشی استحصال ہو گا
کسی عہدیدار یا ممبر نے قاتلوں کے ٹکٹ ہولڈرز سے بلواسطہ یا بلاواسطہ رابطے کی کوشش کی تو سخت ایکشن ہو گا
شریف برادران نے بے گناہ کارکنوں کا خون بہایا، شہید بیٹے اور بیٹیاں ہر وقت آنکھوں کے سامنے ہیں، گفتگو
یہ نظام سلامتی کا دشمن ہے، اس سے عوام ذات، برادری، گروہ، مذہب، مسلک کی بنیاد پر تقسیم ہورہے ہیں
لاہور (4 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافہ ظلم ہے، نگران حکمران اپنا قبلہ درست کریں، 150 ارب کے گردشی قرضوں کا بوجھ عوام پر ڈالا گیا تو یہ ریاست کی طرف سے اپنے شہریوں کا معاشی استحصال ہو گا، قومی و عوامی مفاد کے تحفظ کیلئے پرعزم چیف جسٹس سپریم کورٹ اس ’’گردشی ظلم‘‘ کا نوٹس لیں، وہ عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی کمیشن خوری، محکمانہ کرپشن، بجلی کے فرسودہ ترسیلی نظام، بجلی کے مہنگے معاہدے اور پیداواری منصوبے، کمپنیوں کی ناجائز منافع خوری اور عادی بجلی چوروں کے جرائم کی سزا غریب عوام کو کیوں دی جارہی ہے؟ کرپٹ، جھوٹے اور کمیشن خوروں کی گورننس اور نگرانوں کی گورننس میں فرق نظر آنا چاہیے، آنکھیں بند کر کے عوام پر بوجھ ڈالنے کی روش بدلی جائے، ریلیف کے منتظر عوام کو تکلیف مت دی جائے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے مزید کہا کہ بطور پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا کیونکہ اس نظام سے پاکستان اور اس کے عوام کے بھلے کی توقع نہیں، اس نظام کے تحت جتنے مرضی الیکشن کروالیے جائیں سیاسی، معاشی، سماجی بحرانوں میں اضافہ ہو گا، اس نظام کی بنیادیں ہی استحصال، دھن، دھونس اور دھاندلی پر کھڑی کی گئی ہیں، اس نظام کے تحت ہونے والے انتخابات سے اداروں کے خلاف غیر ملکی ایجنڈا رکھنے والی قوتوں کو کھل کھیلنے کا موقع ملے گا، قومی سلامتی پر ضرب لگے گی اور عوام مزید ذات، برادری، گروہ، مذہب، مسلک کی بنیاد پر تقسیم ہونگے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن، اس کے ذیلی فورمز کے کسی عہدیدار یا ممبر نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے ٹکٹ ہولڈرز سے پاکستان بھر میں کسی بھی حلقے میں بلواسطہ یا بلاواسطہ تعاون کی کوشش کی تو سخت ایکشن ہو گا، یہ پالیسی میٹر ہے، اس ضمن میں کسی اگر مگر کو قبول نہیں کیا جائیگا، شریف برادران نے بے گناہ کارکنوں کا خون بہایا، علم اور امن کے فروغ کی اسلامی، عالمی تحریک منہاج القرآن کے خلاف بدترین انتقامی کارروائیاں کیں، اپنی ذات کے تحفظ کیلئے اغیار کو خوش کرنے کیلئے ختم نبوت کے قانون کو بدلنے کی ناپاک حرکت کی، ملک لوٹا، عوام کا بدترین استحصال کیا، قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کرنے کی اوچھی مہمات چلائیں، ان کے جرائم ناقابل معافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بیٹے اور بیٹیاں ہر وقت آنکھوں کے سامنے ہیں، قاتل برادران سے سیاسی اختلاف نہیں دشمنی ہے، کوئی عہدیدار انکی سیاسی بیساکھی بننے کی کوشش نہ کرے، ہماری ان سے انصاف بشکل قصاص کی قانونی جنگ ہے اور جب تک کارکنوں کا قصاص نہیں لے لیتے تب تک یہ جنگ جاری رہے گی۔
تبصرہ