عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل سے قمر الزمان کائرہ کی ملاقات، شیخ رشید سے ٹیلی فون پر گفتگو
دہشتگرد ی کے خاتمے کیلئے پاک افغان معاہدہ خوش آئند ہے: عوامی تحریک
افغانستان بھارت کے سازشی کردار پر نظر رکھے، پاکستان نے ہمیشہ افغان بھائیوں کی مدد کی: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو سزا ملنی چاہیے: قمر الزمان کائرہ
لاہور (02 جولائی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مل کر جدوجہد کرنے کا عزم اور اس ضمن میں امن معاہدہ خوش آئند ہے۔ خطہ کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے پاک کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے سوا کوئی تیسرا فیصلہ کن کردار ادا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے افغانستان میں بھارت نے ڈیرے ڈالے ہیں خطہ میں دہشتگردی بڑھی ہے، افغانستان بھارت کو افغانستان کے امن اور خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں۔ بھارت افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے اور پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ میں ملوث ہیں، پاکستان نے روسی انخلا کے بعد افغانستان کے عوام کی مدد کی، لاکھوں مہاجرین کو پناہ دی جبکہ اس وقت بھارت افغانستان اور اس کے عوام کو نقصان پہنچانے والی فورسز کا آلہ کار تھا۔ افغانستان کے منتخب نمائندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کی ذمہ داری ہے افغانستان کی سر زمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔
دریں اثناء عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ٹیلی فون پر خرم نواز گنڈاپور سے گفتگو کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شیخ رشید نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے خلاف ہمیشہ کلمہ حق بلند کیا، دونوں رہنما جلد ملاقات کرینگے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر پیش رفت کے حوالے سے گفتگو کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈز کی طلبی کیلئے عدالتی محاذ پر لڑ رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔ سنائے جانے کے منتظر ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء قمر الزمان کائرہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اول روز سے یہ موقف ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، مجرموں کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
تبصرہ