زعیم قادری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نامزد ملزم شہباز شریف کا قاتل چہرہ بے نقاب کریں: خرم نواز گنڈاپور
شہدائے ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہوں، شریف برادران پاکستان کے سب سے بڑے ظالم اور کرپٹ ہیں
رزق حلال کمانے اور کھانے والا کوئی شخص کرپٹ شریف برادران کا ساتھ نہیں دے سکتا: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (21 جون 2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ زعیم قادری نے شریف برادران کے ظلم وبربریت اور ناانصافی کے صرف اس پہلو کو اجاگر کیا جو براہ راست ان کی اپنی ذاتی تکلیف سے متعلق ہے، زعیم قادری کو چاہیے کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے نامزد ملزم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا قاتل چہرہ بھی قوم کے سامنے لائیں اور بتائیں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے کس طرح 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں خون کی ہولی کھیلی اور 100 لوگوں کو گولیاں ماریں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے مظلوم ورثاء زعیم قادری کے منہ سے اس سچ کو سننا چاہتے ہیں اور انہیں یہ سچ بولنا چاہیے، انہوں نے یہ فخر کے ساتھ بتایا کہ وہ سید گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور کسی سے ڈرتے نہیں ہیں اب اگر وہ دس سال کے بعد بے خوف ہوئے ہیں تو پھر ادھورا نہیں پورا سچ بولیں، ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کا ساتھ دیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شریف برادران پاکستان کے سب سے بڑے کرپٹ، سب سے بڑے ظالم، سب سے بڑے سازشی ہیں ان کا ساتھ دینے والے بھی ان کے جرائم سے لا تعلق نہیں رہ سکتے وہ برابر کے ذمہ دار اور حصہ دار تصور ہوں گے، رزق حلال کمانے اور کھانے والا کوئی شخص کرپٹ شریف برادران کا ساتھ نہیں دے سکتا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے بہت جلد چھلانگیں لگیں گی، انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن میں اشرافیہ کی جیت اور ہار سے کوئی غرض نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف ملے اور لوٹی ہوئی پائی پائی ان سے برآمد کی جائے اور شریف برادران کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لیے زعیم قادری اپنا قومی، سیاسی کردار ادا کریں۔
تبصرہ