چودھری نثار سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے متعلق بھی سچ سامنے لائیں: خرم نواز گنڈاپور
سابق وفاقی وزیر داخلہ بتائیں 2014ء کے دھرنے میں شریک پرامن سیاسی کارکنوں پر فائرنگ کا حکم کس نے دیا؟
چودھری نثار نے ڈان لیکس کے ایشو پر نواز شریف کے جرم پر پردہ ڈالا، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
لاہور (20 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ چودھری نثار نواز شریف کے حوالے سے بہت سارے سچ اگلنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں لہٰذا وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے متعلق بھی سچ سامنے لے آئیں، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے کان سچ سننے کے منتظر ہیں، سابق وفاقی وزیر داخلہ 2014 ء کے دھرنے میں شریک پرامن سیاسی کارکنوں پر فائرنگ کروانے کے بھی ذمہ دار ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ڈان لیکس کے ایشو پر نواز شریف کے جرم پر پردہ ڈال کر بھی انہوں نے بہت بڑا جرم کیا، وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش کی گئی اور چودھری نثار وزیرداخلہ ہوتے ہوئے خاموش رہے۔ اب اگر وہ سچ بولنے پر آمادہ ہیں تو پھر ادھورا نہیں پورا سچ بولیں اور بلاتاخیر بولیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چودھری نثار نواز شریف کی سیاست کے پہلے دن سے لے کر اقتدار کے آخری دن تک ان کے پرموٹر رہے، جب ہم کہہ رہے تھے نواز شریف نااہل ہیں اس وقت چودھری نثار انہیں صادق اور امین کے لقب سے پکار رہے تھے اور نواز شریف کے کہنے پر سیاسی کارکنوں کا جینا دوبھر کر رہے تھے، آج کے دن تک چودھری نثار نے ماڈل ٹاؤن میں شہید کر دئیے جانے والے بے گناہ پاکستانیوں کیلئے ہمدردی کے دو بول تک نہیں بولے، اگر وہ اس سارے قتل عام میں شامل یا حصہ دار نہیں تو پھر وہ سچ سامنے لے کر آئیں تاکہ بے گناہوں کے قاتل کیفر کردار تک پہنچ سکیں، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگ کے سیاسی، قومی اور جمہوری جرائم سے چودھری نثار بری الذمہ نہیں ہو سکتے کیونکہ وہ لمحہ بہ لمحہ ساتھ تھے، اب اگر انہوں نے سچ بولنے کافیصلہ کیا ہے تو پھر وہ ادھورا نہیں پورا سچ بولیں اور نواز شریف اور ان کے حواریوں کے ملک دشمن اور عوام دشمن اقدامات کو بے نقاب کریں۔
تبصرہ