قومی سلامتی کی پامالی پر ٹروتھ کمیشن بننا چاہیے: قاضی زاہد حسین
شاہد خاقان عباسی نے آخری روز بھی سپریم کورٹ کی توہین کی، مرکزی صدر عوامی تحریک
واضح ہدایات کے باوجود اصغر خان کیس پر کابینہ نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا
لاہور (یکم جون 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے اقتدار کے آخری روز بھی سپریم کورٹ کی توہین کی۔ واضح ہدایات کے باوجود اصغر خان کیس پر کابینہ نے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا، ٹروتھ کمیشن نواز شریف کی طرف سے قومی سلامتی کو پامال کرنے اور ریاستی مفادات کو نقصان پہنچانے پر بننا چاہیے۔ وہ یہاں پارٹی کے سینئر عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا 5سالہ دور حکومت بھیانک خواب کی طرح تھا۔ اشرافیہ کے طرز حکمرانی سے سیاست، معیشت، معاشرتی اقدار کو بری طرح نقصان پہنچا۔ سیاست سے اخلاقی اقدارکو ختم کیا گیا، جمہوری آزادیوں کو پامال کیا گیا، قومی وسائل کے استعمال میں بدعنوانی سے کام لیا گیا۔ چھوٹے صوبوں کا معاشی استحصال کر کے بین الصوبائی ہم آہنگی کو نقصان پہنچایا گیا۔ بالخصوص ذاتی مفادات کیلئے عدلیہ اور فوج کے ادارے کے وقار کو نقصان پہنچایا گیا، ان سارے امور کی تحقیقات کیلئے ٹروتھ کمیشن بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل نواز شریف نے الزام لگایا تھا کہ ووٹ کو عزت نہیں دی جارہی، اشرافیہ کی حکومت کا 5سال مکمل کرنا ووٹ کی عزت ہے، آئینی مدت کی تکمیل سے اداروں پر سیاسی مداخلت کا بیانیہ باطل ہو گیا، انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کے ماورائے آئین و جمہوریت طرز حکمرانی کی وجہ سے ن لیگ کے اتحادی بھی ان سے دور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اشرافیہ کا انسانیت کے خلاف ایک ایسا جرم ہے جس کی عبرتناک سزا سے یہ کسی طور نہیں بچ سکیں گے۔
تبصرہ