عوامی تحریک یوتھ ونگ کی ایگزیکٹو کونسل کا ہنگامی اجلاس، مرکزی وصوبائی وضلعی رہنماؤں کی شرکت
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ، عوام کی ہمت اور حوصلہ دونوں جواب دے جائینگے
اس سے قبل کہ عوام انتہائی ردّ عمل کا راستہ اختیار کریں، مجوزہ اضافہ واپس لیا جائے: عوامی تحریک یوتھ ونگ
مہنگائی کے منہ زور گھوڑے کو لگام دینے کی ضرورت ہے: مظہر محمود علوی
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی بجائے 10روپے فی لیٹر فوری کمی کی جائے: اجلاس میں مطالبہ
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو عوامی تحریک یوتھ ونگ ملک گیر احتجاجی مظاہرے کرے گی
لاہور (30 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ مرکزی صدر مظہر علوی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ ظالمانہ اضافے سے غریب عوام کی ہمت اور حوصلہ دونوں جواب دے جائیں گے، مہنگائی کی خوفناک لہر نے جس طرح عوام کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ایسے مشکل حالات میں ضرورت اس امر کی تھی کہ حکومت کی طرف سے عوام کے لیے ریلیف کے اقدامات کیئے جاتے، رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف دے کر دعائیں لی جاتیں مگر اس کے برعکس عوام دشمن حکمرانوں کی طرف سے ہمیشہ کوئی نہ کوئی بری خبر ہی آتی ہے۔
اس سے قبل کہ غربت، مہنگائی، مایوسی، لوڈ شیڈنگ اور بے یقینی کے ہاتھوں مجبور ہو کر عوام کوئی انتہائی ردّ عمل کا راستہ اختیار کر لیں حکمران پٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں مجوزہ اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی بہتر فیصلہ کرے، وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں عصمت علی، منصور اعوان، شعیب مغل، علی رضا نت، حافظ وقار، نیاز چدھٹر، حاجی فرخ ودیگر موجود تھے۔
مظہر محمود علوی نے کہا کہ عوامی تحریک پٹرولیم مصنوعات کے مجوزہ اضافے کو مسترد کرتی ہے اور اس فیصلے کو عوام دشمن فیصلہ قرار دیتی ہے، انہوں نے کہا کہ حکمران لوگوں کو مہنگائی، غربت کے سمندر میں پھینک رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر مہینے دو مہینے بعد اضافہ کر دیا جاتا ہے اور یہ ظالمانہ اضافہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے، نااہل حکمرانوں کے ان غیر دانشمندانہ فیصلوں سے ساری قوم متأثر ہو رہی ہے، ظالم حکمرانوں اور مہنگائی کے اس منہ زور گھوڑے دونوں کو لگام دینے کی ضرورت ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مجوزہ اضافہ کی سمری کو واپس لیا جائے اور ٹیکسوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اتنی کمی کی جائے جس سے غریب عوام کو ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10روپے فی لیٹر فوری کمی کی جائے، رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی خبر عوام کے لیے تازیانہ بن کر سامنے آئی ہے، اضافہ عوام، مزدور، کسانوں سب پر ظلم ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تو عوامی تحریک یوتھ ونگ سڑکوں پر آنے کا فیصلہ بھی کرسکتی ہے، اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے، مظہر علوی نے کہا کہ کرپشن زدہ بدبو دار نظام اور لٹیرے حکمرانوں کو مزید برداشت نہیں کر سکتے، اب ملکی تقدیر کے فیصلے یوتھ کرے گی، نوجوان قومی مجرموں سے ایک ایک جرم کا حساب لیں گے۔
تبصرہ