حکمران پاکستان کو دہشتگردی کی ’’گرے لسٹ‘‘ میں شامل کروا کر رخصت ہورہے ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
نیوز لیکس سکینڈل اور دہشتگرد ہمسائیہ ممالک میں بجھوانے کے الزام سے قومی مفاد کو نقصان پہنچا
نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے حلقہ بندیوں کے تنازع نے بحران کی شکل اختیار کر لی: سربراہ عوامی تحریک
لاہور (30 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل حکمران پاکستان کو دہشتگردوں کی گرے لسٹ میں شامل کروا کر کوچہ اقتدار سے رخصت ہو رہے ہیں، پاکستان کو ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ قرضوں کے بوجھ تلے دفن کرنا ن لیگی حکومت کا دوسرا بڑا ’’کارنامہ‘‘ ہے۔ اشرافیہ کی حکومت کے 5سال قومی سلامتی پر بہت بھاری ثابت ہوئے۔ وہ عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر خطاب کر رہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ہر دن پاکستان اور اس کے عوام کو کمزور کیا، نیوز لیکس کے بعد ہمسائیہ ممالک میں ہشتگرد بھجوانے کا الزام لگا کر پاکستان کو عالمی کٹہرے میں کھڑا کرنے کی گھناؤنی چال چلی گئی اور پاکستان کو دہشتگردوں کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے والوں کے ہاتھ مضبوط کئے گئے، ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والوں نے پاکستان کی عزت خا ک میں ملانے کے حوالے سے کوئی کسر نہیں چھوڑی، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نااہل اور کرپٹ ٹولہ جاتے جاتے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے زخم دے کر جانا چاہتا ہے، غیر ملکی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر اس سال پانچویں بار اضافہ کیا جارہا ہے، ظالم حکمرانوں کو اندازہ نہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک روپیہ اضافہ کرنے سے عام آدمی کی گردن مہنگائی کے شکنجے میں جکڑی جاتی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ متنازعہ حلقہ بندیوں کی تشکیل میں پیسے، پٹواری، سفارش، اثرورسوخ، اقربا پروری اور عملہ کی نا اہلی کا بڑا ہاتھ ہے حلقہ بندیوں کا سارا عمل سپانسرڈ تھا، غیر ملکی فنڈنگ سے حلقہ بندیوں کا حساس ترین کام بند کمرے میں بیٹھ کر مکمل کیا گیا جس کی وجہ سے شدیدتنازعات سامنے آئے ہیں اور حلقہ بندیوں کے تنازع نے باقاعدہ بحران کی شکل اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے قومی اسمبلی کی 125سے زائد نشستوں پر اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ 50 فیصد نشستوں پر متنازعہ حلقہ بندیاں ہوں تو شفاف اور بر وقت الیکشن کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے؟
تبصرہ