ن لیگ کی تاجر دشمن پالیسیوں سے ہزاروں صنعتیں بند، لاکھوں بے روز گار ہوئے، حاجی اسحق
ڈاکٹر طاہر القادری کے 10 نکاتی ایجنڈے میں ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی ہے، اجلاس میں گفتگو
اجلاس میں لبرٹی تاجر اتحاد کے صدر صفدر بٹ کے جواں سالہ بھائی امجد بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
لاہور (28 مئی 2018) عوامی تاجر اتحاد کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق نے کی، اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماء موجود تھے۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد اسحق نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات سے کاروباری طبقہ سب سے زیادہ پریشان ہے، ن لیگ کی تاجر دشمن پالیسیوں سے ہزاروں صنعتیں بند لاکھوں بے روزگار ہوئے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے 10 نکاتی ایجنڈے میں ملک کی ترقی اور خوشحالی ہے۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد ملک کے محب وطن، ٹیکس گزار تاجر طبقے کا نمائندہ فورم ہے، انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی، گیس، پٹرول، ڈیزل کی وجہ سے پاکستان میں صنعتیں لگانا اور چلانا ناممکن ہو گیا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں کھربوں روپیہ بنگلہ دیش، دبئی، سری لنکا اور دیگر ممالک میں شفٹ ہوا۔ ن لیگ نے اپنے پانچ سالہ اقتدار میں معیشت کا بھٹہ بٹھایا اور غریبوں کا خون نچوڑا۔ حکمرانوں کی ترجیحات قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر قربان کرنا ہے اگر حکمران ملک سنوارنے، لوڈشیڈنگ اور دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے میں سنجیدہ ہوتے تو تمام ملکی اداروں کے ساتھ مل کر چلتے۔ انہوں نے فوج اور عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ کر کے پاکستان کو 30 سال پیچھے دھکیل دیا۔ عوامی تاجر اتحادکی جہدوجہد پاکستان کی آنیوالی نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے ہے۔ نا اہل حکمرانوں نے ملک کو عقوبت خانے میں تبدیل کر دیا ہے۔ شریف برادران نے جتنے بھی نام نہاد ترقیاتی منصوبے لگائے ان سے بھاری کمیشن لیا گیا۔ لوڈشیڈنگ میں کمی کی حقیقت آہستہ آہستہ سامنے آ رہی ہے۔ اجلاس میں صدر عوامی تاجر اتحاد حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا، میاں افتخار، حفیظ الرحمان خان، شیخ آفتاب، حاجی عبد الخالق، حاجی اختر، محبوب احمد، شیخ عامر رفیع و دیگر تاجر رہنماء موجود تھے۔ اجلاس میں لبرٹی تاجر اتحاد کے صدر صفدر بٹ کے جواں سالہ بھائی امجد بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، مرحوم کیلئے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی۔
تبصرہ