ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر عوامی تحریک کے رہنماؤں کا ورکنگ باؤنڈری پر متاثرہ افراد سے اظہار یکجہتی
زخمیوں کی عیادت کی، متاثرین کو ادویات، بستر، پانی، سحری و افطاری کا سامان پہنچایا
رہنماؤں نے متاثرین کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے دعاؤں اورنیک خواہشات کا پیغام پہنچایا
معصوم شہریوں کی شہادت ایک بڑا نقصان ہے، پوری قوم افسردہ ہے، رہنما پاکستان عوامی تحریک
اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیمیں، بھارتی جارحیت کا نوٹس لیں: میاں ریحان مقبول جنرل سیکرٹری PAT پنجاب
لاہور (27 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی و ضلعی قائدین نے بھارتی جارحیت سے متاثرہ ضلع سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر واقع متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں نے چار واہ سیکٹر (چیراڑ) گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول گوگیال و دیگر علاقوں میں لگائے گئے ریلیف کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔ وفد نے کیمپوں میں موجود متاثرین کو ایمبولینسز، اددویات، بستر، سحری و افطاری کا سامان پہنچایا۔
اس موقع پر عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول، میاں عبد القادر، محمد رضا، عوامی تحریک سیالکوٹ کے ضلعی صدر میاں محمد آصف، چوہدری عدنان شوکت و دیگر رہنماؤں نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ بھاری کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ساری پاکستان قوم اپنے بہادر شہریوں کے ساتھ کھڑے ہے، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن متاثرہ ہم وطنوں کے مصائب اور مسائل میں کمی کرنے کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
جنرل سیکرٹری پنجاب PAT میاں ریحان مقبول نے کہا کہ بھارتی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی شہادت بڑا نقصان ہے، پوری قوم افسردہ اور رنجیدہ ہے۔ میاں ریحان مقبول نے کہا کہ عوامی تحریک متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی صحتیابی اور متاثرین کی بحالی کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر بھارتی جارحیت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ شہری علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری سے خطے کے امن کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ بھارتی فورسز کی جانب سے آئے روز سرحدی دیہاتوں پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا درندگی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے، موثر عالمی قوتیں بھارتی جارحیت کو روکنے کیلئے کردار ادا کریں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے، ساری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ فوج ہر چیلنج سے نمٹنا جانتی ہے۔ جنگ ہو یا سرحدوں پر دشمن کی جارحیت بہادر افواج نے ہر محاذ پر ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ نا اہل اور کرپٹ نواز شریف جب بھی گرفت میں آتے ہیں سرحدوں پر چھیڑ خانی شروع ہو جاتی ہے، نواز مودی دوستی نے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا ہے، خارجہ پالیسیوں کی ناکامیوں کے تسلسل کی وجہ سے آج حالات اس قدر بگڑ چکے ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بہت پہلے ہی واضح الفاظ میں کہہ دیا تھا کہ نواز شریف کی حکومت ملکی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ عوامی تحریک کے مرکزی قائدین نے ضلع سیالکوٹ کی مقامی قیادت کو متاثرین کے ریلیف کے حوالے سے کئے جانیوالے انتظامات پر سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔ مرکزی قائدین نے کارکنا ن کو ہدایات دیں کہ متاثرین کو ریلیف کیلئے دی جانیوالی سہولتوں میں مزید اضافہ کیا جائے، علاج معالجے اور خوراک کا خاص خیال رکھا جائے۔
تبصرہ