سعد رفیق مستند جھوٹے کے مستقل خوشامدی ہیں: خرم نواز گنڈاپور
اسی ٹولے نے تنزیلہ اور شازیہ مرتضیٰ کو قتل کیا بے نظیر بھٹو کو جھوٹے مقدمات میں گھسیٹا، ردعمل
پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینے پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج ہوسکی
فلور پر کھڑے ہو کر جھوٹ بولنا پارلیمنٹ کی اصل توہین ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (24 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے خواجہ سعد رفیق کی تقریر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ سعد رفیق مستند جھوٹے کے مستقل خوشامدی ہیں۔ قومی خزانے کے ڈاکوؤں اور بے گناہ شہریوں کے قاتلوں کے کسی واویلے کی کوئی وقعت نہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج کروانے کیلئے 1 لاکھ کارکنوں کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دینا پڑا پھر کہیں ایف آئی آر درج ہو سکی، پارلیمنٹ کا جنگلہ توڑنا اس کی توہین نہیں نواز شریف، خواجہ آصف، دانیال عزیز، طلال چودھری، عابد شیر علی اور سعد ر فیق جیسے جھوٹے، قاتلوں، اقامہ ہولڈرز کا اسمبلی میں بیٹھنا اور اس پارلیمنٹ کے فلور پر کھڑے ہو کر دروغ گوئی کرنا پارلیمنٹ کی سب سے بڑی توہین ہے۔ سپریم کورٹ پر حملے کرنے والے اور ججز کے خلاف توہین آمیز منفی مہم چلانے والوں کے منہ سے پارلیمنٹ کے احترام کی باتیں اچھی نہیں لگتیں، انہوں نے اپنے شدید ردعمل میں کہا کہ مریم نواز کوئی مریخ سے اتری ہوئی نہیں ہیں کہ وہ منی لانڈرنگ کریں، ناجائز اثاثوں کی مالک بنیں، منی ٹریل دینے سے انکار کریں، تضاد بیانی سے کام لیں اور جب قانون حرکت میں آئے تو اس کی عملداری کو تسلیم کرنے سے انکار کریں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں جس تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کو گولیوں سے چھلنی کروایا وہ بھی کسی کی بیٹیاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف نے بدنام زمانہ سیف الرحمن کے ذریعے بینظیر بھٹو پر کرپشن کے جھوٹے ریفرنس بنا کر انہیں عدالتوں میں گھسیٹا تھا اس وقت ان کی شرم و حیا کہاں چلی گئی تھی۔ مریم نواز تو احتساب عدالت میں اکیلی جاتی ہیں جبکہ بینظیر بھٹو نے تو شیر خوار بچے بلاول اور بختاور کو بھی اٹھا رکھا ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور انکے حواری اللہ کی گرفت میں ہیں وہ الزام تراشی کر کے اور مخالفین پر کیچڑ پھینک کر کسی طور عبرت ناک انجام سے نہیں بچ سکتے۔
تبصرہ