کشن گنگا ڈیم کی تعمیر کی ذمہ دار ن لیگ ہے: خرم نواز گنڈاپور
نواز شریف نیب میں پیش ہو کر اختیارات کے ناجائز استعمال کی وضاحت دیں
لاہور (21 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف نے نیب میں پیش نہ ہو کر ثابت کیا کہ ان کے نزدیک آئینی قومی ادارے کا کوئی احترام نہیں۔ جاتی امراء کیلئے خصوصی سڑک قومی خزانے سے بنی جس کا انہیں حساب دینا ہو گا۔ نواز شریف کو پیش ہو کر اختیارات سے تجاوز کے کیس میں اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے، نواز شریف نے نیب میں پیش نہ ہو کر لاقانونیت کی ایک اور مثال قائم کی۔ وہ عوامی تحریک کے عہدیداروں اور کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان پر دہشتگرد انڈیا بھجوانے کا الزام لگا کر پاکستان کو گالی دی اور کشن گنگا ڈیم کے حوالے سے 5 سال خاموشی اختیار کر کے پاکستان کے کسانوں اور ملکی معیشت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ پاکستان کے پانی پر بھارتی ڈکیتی اور سندھ طاس معاہدہ کی کھلی خلاف ورزی کے ذمہ دار نواز شریف ہیں، کیونکہ جب یہ ڈیم بن رہا تھا اس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے۔ اب ورلڈ بنک کے صدر سے ملاقاتیں کرنا عوام کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔ بھارت کشن گناگا ڈیم بنا چکا، سانپ گزر چکا اب لکیر پیٹنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کی زراعت کو تباہ کرنے کیلئے پاکستان کے حصے کا پانی چوری کر رہا ہے اور غیر قانونی ڈیمز بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ’’مودی نوازی‘‘ سے پاکستان کے قومی مفادات کو نقصان پہنچا، رہی سہی کسر وہ پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگا کر نکال رہے ہیں۔
تبصرہ