ریاست، عدالت اور فوج سے لڑنے والے کے ساتھی بھی مجرم ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
نااہل بتائے ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیاں کس کے کہنے پر ماریں؟
کرنل سہیل عابد جیسے سپوتوں کی قربانیوں سے ملک میں امن آیا، عوام دہشتگردوں کو شکست دیں گے، گفتگو
لاہور (17 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل برادران بتائیں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیاں کس کے کہنے پر ماریں؟ کس کے کہنے پر شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی ایف آئی آر درج نہ ہونے دی اور کس کے کہنے پر 30، 31 اگست 2014ء کی رات اسلام آباد میں پرامن سیاسی کارکنوں پر بارود کی بارش کروائی؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک قومی، اخلاقی، سیاسی مجرم ہیں۔ ان کے جرائم کی فہرست بڑی طویل ہے لیکن اس قومی مجرم کی جان آسانی سے نہیں چھوٹے گی۔ یہ آئندہ دنوں میں مزید رسوا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دارو شریف برادران ہیں ان کی طلبی کے منتظر ہیں۔ وہ سینئر رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت، فوج اور ریاست سے لڑنے والے کا ساتھ دینے والے بھی مجرم ہیں، ن لیگ کے اراکین اسمبلی عہدیداروں اور کارکنوں کے پاس موقع ہے کہ وہ نااہل سے علیحدگی کا اعلان کر کے ریاست پاکستان سے تجدید عہد وفا کریں، سیاسی عہدے عارضی ہیں، ملک اور اداروں نے قائم رہنا ہے۔ نواز شریف نے پاکستان پر الزام لگا کر اپنا نام پاکستان کے بدخواہوں میں رجسٹرڈ کروالیا۔ اس جرم میں نا سمجھی میں ان کا ساتھ دینے والے تائب ہو جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والے بزرگ آج بھی زندہ ہیں اور آج بھی ان کی آنکھوں کے سامنے وطن عزیز کے لیے بہنے والا خون ہے۔ نااہل نے پاکستان پر دہشتگردی کا الزام لگا کر ان لازوال قربانیوں کا مذاق اڑایا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونیوالے کرنل سہیل عابد کی شہادت پر افسوس ہے انہی جوانوں کی قربانیوں سے ملک میں امن آیا ہے، قربانیاں دینے والے پاک فوج کے جوانوں پر فخر ہے۔
تبصرہ