چاہتا ہوں کرپشن، دہشتگردی کیخلاف ہم خیال جماعتیں مشترکہ جدوجہد کریں: ڈاکٹر طاہرالقادری
اشرافیہ کا اقتدار میں آنا دور کی بات، ان کا کوئی فرد سیاست میں بھی نظر نہیں آئے گا
اشرافیہ کی سلطنت کا مکمل خاتمہ قریب ہے، ملک کو پٹڑی پر لانے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں
سربراہ عوامی تحریک سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ٹورنٹو میں ملاقات، ملکی حالات پر تبادلہ خیال
رواں ماہ پاکستان جانے کیلئے ٹریول ایجنٹ کو سفری شیڈول مرتب کرنے کا کہہ دیا، سربراہ عوامی تحریک
کچھ عرصہ سے میڈیکل ٹیسٹ ہورہے تھے جو اس ماہ مکمل ہو گئے، اسی ماہ وطن واپسی ہو گی، گفتگو
لاہور (10 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اشرافیہ کی سلطنت کا مکمل خاتمہ قریب ہے، اقتدار میں آنا تو دور کی بات ان کا کوئی فرد سیاست میں بھی نظر نہیں آئے گا، ظلم اور استحصال کے سیاہ دور کے خاتمے کے بعد ملک کو پٹڑی پر چڑھانے کیلئے ہر شعبہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں، چاہتا ہوں اصلاحاتی ایجنڈے کو مکمل کرنے، کرپشن، دہشتگردی کیخلاف ہم خیال جماعتیں مشترکہ جدوجہد کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے کینیڈا، ٹورنٹو میں ملاقات کے دوران کیا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سربراہ عوامی تحریک کی خیریت دریافت کی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اشرافیہ کے کالے کرتوتوں کو بے نقاب کرنے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے کارکنان کی جدوجہد کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن اسی جدوجہد کا ردعمل تھااور حصول انصاف کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے جس صبر اور استقامت کے ساتھ قانونی جدوجہد کی اسی کا نتیجہ ہے کہ یہ کیس آج بھی زندہ ہے اور اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں ہم خیال جماعتیں ظلم، جبر، قتل و غارت گری، انتہا پسندی، کرپشن اور دہشتگردی کے خلاف مل کر آگے بڑھیں، ملک کو پٹڑی پر چڑھانے کیلئے اصلاحات کیلئے مل کر بیٹھیں، اشرافیہ کے سیاہ دور کا اختتام ایک بڑی کامیابی ہے تاہم ملک کو آگے لے جانے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، نظام میں ایسی بنیادی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے کہ کوئی بھی اپنی ناجائز دولت کے بل بوتے پر ریاستی مشینری کو اپنا تابع فرمان بنانے کی جرات نہ کر سکے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میرے کچھ عرصے سے میڈیکل ٹیسٹ ہورہے تھے جو اس مہینے مکمل ہو گئے ہیں، ڈاکٹرز کے ساتھ نشستیں ہوئیں، چیک اپ کے بعدمیں نے اپنے ٹریول ایجنٹ کو پاکستان کے سفری شیڈول کو ترتیب دینے کا کہہ دیا ہے، انشاء اللہ اسی ماہ وطن واپسی ہو گی۔
تبصرہ