سیاسی کارکنان کو کرپٹ کرنے کا سہرا شریف برادران کے سر ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی آہوں اور سسکیوں نے شریف خاندان کو نشان عبرت بنا دیا
نا اہل کا نیا نظام خاندانی لوٹ مار کو تحفظ دینا اور کرپشن پر یقینی سزاؤں سے بچنا ہے، گفتگو
لاہور (7 مئی 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سیاسی کارکنان کو کرپٹ کر نے کا سہرا بھی شریف برادران کے سر ہے۔ بچہ بچہ جانتا ہے شریفوں پر پھول پھنکنے اور انکے جلسوں میں جانے کے پیسے ملتے ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ ورثاء 4 سال میں دو سو پیشیاں بھگت چکے، نا اہل کرپشن پر ٹرائل ہو رہا ہے۔ جو بد بخت اپنے ملک کی عدلیہ کے خلاف مورچہ زن ہو اس نے خاک عوام کی خدمت کرنی ہے؟ نا اہل کا نیا نظام خاندانی لوٹ مار کو تحفظ دینا اور کرپشن پر یقینی سزاؤں سے بچنا ہے۔ نواز شریف سازش، خرید و فروخت اور آلہ کار بننے کی منفی سیاست کے موجد ہیں۔ عدلیہ اور فوج کو ٹارگٹ کرنیوالے غیر ملکی قوتوں کے اس آلہ کار کو مزید چھوٹ نہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نواز شریف کو ملک اور عوام کی کوئی پرواہ نہیں اسے اسمبلی میں اکثریت نا اہلی ختم کرنے کیلئے چاہیے۔ جب ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں پر ریاستی ادارہ پولیس آگ برسا رہا تھا تب ووٹ کی عزت کہاں تھی؟نواز شریف کا لب و لہجہ آئین اور قانون کے باغیوں والا ہے، سپریم کورٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی کر رہی ہے۔ ظالم نظام کو چیلنج کرنے پر اشرافیہ نے لاشیں گرائیں اور درجنوں شہریوں کو عمر بھر کیلئے معذور کر دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ نوا زشریف کی ذہنی حالت خراب ہو چکی انہیں اٹھتے بیٹھتے خلائی مخلوق اور جیل نظر آتی ہے، اشرافیہ نے سیاست، دولت کے انبار لگانے کیلئے کی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی آہوں اور سسکیوں نے شریف خاندان کو نشان عبرت بنا دیا، ابھی یہ آغاز ہے اسکا انجام ہونا باقی ہے۔
تبصرہ