اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے دفتر میں چوری کے ملزمان گرفتار کیے جائیں: رہنما عوامی تحریک
اظہر صدیق کا کہنا ہے انہیں چند روز قبل پرویز رشید نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں
پرویز رشید کو شامل تفتیش کیا جائے: بشارت جسپال/ فیاض وڑائچ/ جواد حامد
لاہور (30 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور جواد حامد نے اپنے بیان میں سینئر وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے دفتر میں لیپ ٹاپ سمیت قیمتی کاغذات اور فائلوں کی چوری کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چوروں کی گرفتاری اور قیمتی سامان کی فی الفور برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے، عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ چند روز قبل برطرف وزیر اطلاعات پرویز رشید نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں، اظہر صدیق کے اس موقف کی روشنی میں چوری کے مقدمہ میں پرویز رشید کو شامل تفتیش کیا جائے، ویسے بھی پرویز رشید ایسی حرکتیں کرتے رہتے ہیں، تفتیش کا آغاز برطرف وزیر اطلاعات سے کیا جائے۔ ہمیں پورا یقین ہے اس تفتیش سے چوروں کا سراغ مل جائے گا، رہنماؤں نے کہا کہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نااہل برادران کیخلاف اہم کیسز میں بطور وکیل پیش ہورہے ہیں، اس واردات کے پیچھے نااہل ٹولے کے ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیاجا سکتا۔
تبصرہ