سربراہ نا اہل اور جھوٹا ہو تو حواری ایماندار کیسے ہو سکتے ہیں؟ ڈاکٹر طاہرالقادری
افسوس 5 سال سے نااہل ٹولہ ملکی تقدیر سے کھیلتا رہا
نا اہل وزیر سے 5 سال کی مراعات جرمانے سمیت وصول کی جائیں
آرٹیکل 62 اور 63 کا قوم کو جو شعور دیا آج اسکے ثمرات سامنے آ رہے ہیں: سربراہ عوامی تحریک
لاہور (26 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ افسوس 5 سال سے نااہل ٹولہ ملکی تقدیر سے کھیلتا رہا۔ ووٹ کو عزت دینے کا ناٹک کرنے والے بتائیں آئین اور ملک کو عزت کیوں نہیں دی؟۔ نااہلی کافی نہیں قوم کے اعتماد کا خون کرنے والوں کو جیلوں میں بند کیا جائے۔ جس جماعت کا سربراہ کرپٹ اور جھوٹا ہو اس کے حواری ایماندار کیسے ہو سکتے ہیں؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی و دیگر ممبران کور کمیٹی موجود تھے۔ قومی اداروں کیخلاف زبان درازی کرنے والوں کی زبانیں گدی سے کھینچ لینے کا وقت آگیا۔ نااہل اور جھوٹے وزیر سے 5 سال کی مراعات جرمانے سمیت وصول کی جائیں۔ آرٹیکل 62 اور 63 کا قوم کو جو شعور دیا آج اس کے ثمرات سامنے ہیں۔ یہ جھوٹے اور نااہل ہی نہیں بے گناہ شہریوں کے قاتل بھی ہیں۔ عوام اس نااہل، کرپٹ اور قاتل ٹولے کا سیاسی بائیکاٹ کرے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ جرات مندانہ اور آئین کے مطابق ہے۔ فیصلے سے سیاست میں عوامی خدمت اور عبادت کو جھوٹ سے الگ کرنے میں مدد ملے گی۔
تبصرہ