واقعہ معراج کا تعلق ایمان، ایقان اور وجدان سے ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم بھی کرتا ہے
معراج میں حضور اکرم ﷺ کو قیامت تک ہونیوالے تمام واقعات کا علم عطا ہوا
سفر معراج نے کائنات کو علم و سائنس کے نئے راستے دکھائے
لاہور (12 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معراج النبی ﷺ کے مقدس و مبارک موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معراج کی رات اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمد مصطفی ﷺ کو اپنی قدرت کاملہ کا مشاہدہ کروایا۔ معراج میں حضور اکرم ﷺ کو قیامت تک ہونیوالے تمام واقعات کا علم عطا ہوا۔ معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم بھی کرتا ہے۔ معجزات رسول اکرم ﷺ کے باب میں خود قرآن بھی حضور ﷺ کا ایک دائمی اور ابدی معجزہ ہے۔ واقعہ معراج اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے۔ معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں۔ معجزہ کی حقیقت سے انکار کرنے والے ابو جہل اور تصدیق کرنے والے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے لقب سے جانے گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے پیغام میں کہا کہ معجزات سے اللہ کریم اپنے بندوں کو صراط مستقیم دکھاتا ہے، اللہ نے امت مسلمہ کی قوت ایمانی کی آزمائش اور انبیاء کے دعویٰ نبوت کی صداقت کے لیے انہیں معجزات سے نوازا۔ واقعہ معراج کا تعلق ایمان، ایقان اور وجدان سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس بھی دلیل توحید ہونے کی وجہ سے ایک زندہ معجزہ ہے۔ پنجگانہ نماز امت مسلمہ کیلئے سفر معراج کا عظیم تحفہ ہے، امت مسلمہ اس تحفے کو سینے سے لگا کر رکھے۔ حضور اکرم ﷺ کے سفر معراج سے کائنات کو علم و سائنس کے نئے راستے ملے مگر بد قسمتی سے امت محمدی جس پر پہلا حرف ’’اقراء‘‘ کا نازل ہوا وہ آج جہالت وانتہا پسندی، کم علمی کے اندھیروں میں غرق ہے۔
تبصرہ