ایمنسٹی سکیم سے منی لانڈرنگ کرنیوالوں کو فائدہ پہنچایا گیا: عوامی تحریک
الیکشن اور بجٹ سے پہلے ایمنسٹی سکیم کا اعلان بد نیتی پر مبنی
ہے
وزیراعظم کی پریس کانفرنس ن لیگ کی معاشی محاذ پر ناکامی کا اعلان ہے
7 لاکھ نہیں پاکستان کا ہر مزدور، کلرک، کسان اور شہری ٹیکس دیتا ہے
لاہور (5 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ نے وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ایمنسٹی سکیم سے منی لانڈرنگ کرنیوالوں کو فائدہ پہنچایا گیا، وزیر اعظم کی پریس کانفرنس معاشی محاذ پر مکمل ناکامی کا اعلان تھی، 7لاکھ نہیں پاکستان کا ہر مزدور، کلرک، کسان اور شہری ٹیکس دیتا ہے، وزیر اعظم نے اپنی ہی حکومت کی بیڈ گورننس اور نا اہلی کا پردہ چاک کیا۔
قاضی زاہد حسین نے کہا کہ 5 سال تک بلا شرکت غیرے قومی وسائل استعمال کرنیوالے اور معاشی پالیسیاں تشکیل دینے والے اسحاق ڈار کہاں ہیں وہ قوم کا سامنا کیوں نہیں کر رہے ؟ وہ بتائیں کہ ملک مقروض کیوں ہوا؟ اور ٹیکس نیٹ بڑھنے کی بجائے کم کیوں ہوا؟ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے اخراجات پورے کرنے کیلئے اب بیرون ملک پڑی ہوئی بلیک منی کو دو فی صدٹیکس سے وائٹ منی کیا جائیگا، بجٹ سے پہلے ایمنسٹی سکیم کا اعلان بد نیتی پر مبنی ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ٹیکس دینے والوں کی تعداد اس لئے کم ہے کہ چوروں کی حکومت نے پانچ سال چوروں کے معاشی مفادات کا تحفظ کیا اور ایف بی آر سمیت ریونیو اکٹھا کرنیوالے تمام اداروں میں چور بٹھا کر چوروں کو ٹیکس چوری کے راستے دکھائے گئے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ دعویٰ گمراہ کن ہے کہ صرف 7 لاکھ لوگ ٹیکس دیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر وہ مزدور بھی ٹیکس دیتا ہے جو بجلی استعمال کرتا ہے جو گیس استعمال کرتا ہے جو ایک لیٹر پٹرول اپنی موٹر سائیکل میں ڈلواتا ہے بلکہ ہر وہ غریب جو ماچس کی ڈبیا بھی خریدتا ہے وہ بھی جی ایس ٹی کی صورت میں ٹیکس ادا کرتا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا کہ وزیراعظم کی پریس کانفرنس مایوس کن اور انکی اپنی ہی حکومت کا نوحہ تھی، پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کنزیومرز سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، پاکستان میں جی ایس ٹی کی شرح 17 فی صد سے لے کر 34 فی صد ہے جو خطہ میں سب سے زیادہ ہے، اس کے باوجود عوام پینے کے صاف پانی اور تعلیم، صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض وڑائچ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیر اعظم نے کوئی اصلاحاتی پیکج نہیں دیا بلکہ یہ پریس کانفرنس پانچ سالہ لوٹ مار کی بلیک منی کووائٹ منی میں تبدیل کرنے کیلئے تھی جسکا نام ایمنسٹی سکیم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چوروں کو ریلیف دینے کیلئے یہ ایمنسٹی سکیم متعارف کروائی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ن لیگ 3 بار اقتدار میں آئی اور 9 بار اس نے ایمنسٹی سکیمیں متعارف کروائیں۔
تبصرہ