شریفوں کی سیاست سمندر میں غرق ہو چکی کوئی ’’سمندری‘‘ نہیں بچا سکتی: عوامی تحریک
نواز شریف بتائیں وزیر اعظم ہوتے ہوئے اقامہ کیوں لیا بیٹے کے تنخواہ دار نوکر کیوں بنے؟
الیکشن بارے فی الوقت کسی جماعت سے الائنس پر کوئی بات نہیں ہوئی: خرم نواز گنڈاپور
لاہور (4 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شریف خاندان کی سیاست سمندر میں غرق ہو چکی اب کوئی ’’سمندری‘‘ انہیں نہیں بچا سکتی۔ نواز شریف جواب دیں وزیر اعظم ہوتے ہوئے اقامہ کیوں لیا اور بیٹے کی فرم میں نوکری کیوں کی؟ کیا کسی ملک کے وزیر اعظم کو یہ زیب دیتا ہے کہ وہ بیک وقت سب سے بڑے منصب پر بھی فائز ہو اور کہیں نوکری بھی کرتا ہواور پھر اسے چھپاتا بھی ہو؟ انہوں نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ نواز شریف بیٹے کی کمپنی میں تنخواہ دار ملازم کیوں بنے؟ خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ کرپشن پر لعنت بھیجنے والے نواز شریف نے پارلیمنٹ میں لندن فلیٹس کے اثاثوں کی منی ٹریل کچھ اور بتائی، قوم سے خطاب کرتے ہوئے کچھ اور منی ٹریل بتائی، معاملہ جب سپریم کورٹ میں گیا تو قطری خط لے آئے، 2004 کی تاریخ کو بدل کر 2006 کیا، ہر کاغذ سپریم کورٹ میں جعلی پیش کیا حیرت ہے پھر بھی کہتے ہیں کرپشن کرنے والوں پر لعنت؟ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آئندہ الیکشن کے حوالے سے فی الوقت کسی جماعت کے ساتھ اتحاد، الائنس یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، اس ضمن میں تمام آپشن کھلے ہیں، وقت آنے پر ضرور بات ہو گی۔ عوامی تحریک کا پاکستان کے ہر حلقے میں فعال تنظیمی نیٹ ورک اور ووٹ بنک موجود ہے، انتخابی معلومات کے حصول کیلئے تنظیمات کو مراسلہ لکھ دیا ہے، آئندہ الیکشن کی سٹریٹجی اورلائحہ عمل کے حوالے سے سربراہ عوامی تحریک تفصیلی بات کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار رخصت ہوتے ہوئے دیکھا تو چوروں کا سارا ٹبر اکٹھا ہو گیا، 31مئی کے بعد شریف خاندان کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آ جائے گی، ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب باقی ہے۔ کرپشن کیسز میں یہ جیل جائینگے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پھانسی چڑھیں گے۔
تبصرہ