ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں سے ملاقات
آئندہ انتخابات، سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
عدلیہ کے خلاف مہم چلانیوالی اشرافیہ سے سختی سے نمٹا جائے: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثا کو انصاف نہ ملنے پر تشویش ہے: سید ناصر شیرازی
لاہور (30 مارچ 2018) مجلس وحدت المسلمین کے اعلیٰ سطحی وفد کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی کی قیادت میں پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے آئندہ انتخابات سانحہ ماڈل ٹاؤن اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مکمل احتساب اور نظام کی اصلاح کے بغیر الیکشن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، باوقار پارلیمنٹ کے لیے ایماندار اور محب وطن نمائندوں کو منتخب کرنا ہوگا، ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپٹ سیاستدان، کرپشن اور دہشتگردی ہے، تمام محب وطن قوتوں کو ملکر کرپٹ ایلٹ کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے نوازشریف کی طرف سے سپریم کورٹ کے خلاف بیان بازی اور آئینی ادارے کے وقار کے خلاف مہم کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔
ملاقات میں عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سید اسد عباس نقوی، حسن کاظمی، رانا ماجد علی اور راجہ زاہد محمود بھی موجود تھے۔
سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف اور اسحاق ڈار نے ملکر ملکی معیشت کو تباہ کیا، ہزاروں بیوروکریٹس کی مشکوک شادیاں اور دہری شہریتیں ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، ملکی سیکیورٹی ایجنسیز کو اس بات کا نوٹس لینا ہوگا کس بیوروکریٹ نے کس ملک میں کس سے شادی کی ہے؟ ہمارا کوئی راز راز نہیں رہا، سپریم کورٹ کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہیے اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی کے ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنانا چاہیے۔
ناصر شیرازی نے کہا کہ مجلس وحدت المسلمین اور عوامی تحریک دونوں سرکاری دہشتگردی کا شکار ہیں، ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے عوامی تحریک کے ساتھ ہیں، معزز عدلیہ سے ہماری استدعا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دیا جائے اور عدلیہ کے خلاف منفی مہم چلانے والے اشرافیہ کے آلہ کاروں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے، قومی ادارے کی آئینی تکریم یقینی بنائی جائے، MWM کے وفد نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خیریت دریافت کی۔
تبصرہ