سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس : 29 مارچ کو انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں سماعت ہو گی
ڈی آئی جی رانا عبدالجبار کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا کرینگے: مستغیث جواد حامد
لاہور (28 مارچ 2018) سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی 29 مارچ انسداد دہشتگردی عدالت لاہور میں سماعت ہو گی۔ مستغیث جواد حامد اور نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا کہ آج کی تاریخ انتہائی اہم ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار اور موقع پر موجود اس وقت کے ڈی آئی جی آپریشن رانا عبدالجبار کو اشتہاری قرار دینے کی معزز جج سے استدعا کرینگے کیونکہ وہ مسلسل غیر حاضر ہیں۔ جواد حامد نے کہا کہ ہم استغاثہ کیس میں معزز عدالت سے بھرپور تعاون کررہے ہیں ایک سال گزر جانے کے بعد بھی فرد جرم کا عائد نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے معزز جج بھی اس پر اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں اور وہ ملزمان کے وکلاء کو بار ہا کہہ چکے ہیں کہ تاریخ پر تاریخ لینے اور عذر پیش کرنے سے گریز کیا جائے یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ قانونی پراسیس مکمل کیے بغیر کسی کی جان نہیں چھوٹے گی۔ ججز محض درخواستیں وصول کرنے کیلئے نہیں فیصلے سنانے کیلئے بیٹھتے ہیں اور فریقین کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا تعاون پر مبنی کردار ادا کریں۔
تبصرہ