پنجاب پولیس سیاست زدہ، پروفیشنل ازم کا فقدان ہے: قاضی زاہد حسین
نیشنل ایکشن پلان کو دفن کرنے کا نتیجہ شہادتوں کی شکل میں قوت بھگت رہی ہے، مرکزی صدر عوامی تحریک
پنجاب پولیس کے بے رحم افسروں نے اپنے اہلکاروں کو بھی دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے
لاہور (15 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کو دفن کرنے کا نتیجہ شہادتوں کی شکل میں قوم بھگت رہی ہے، رائے ونڈ لاہور میں خودکش دھماکہ قابل مذمت ہے۔ بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب پولیس سیاست زدہ ہے۔ پروفیشنل ازم کا فقدان ہے، افسران اپنی پروموشن اور مراعات کیلئے ہر وقت جاتی امراء کے بادشاہوں کی خوشامد میں مصروف رہتے ہیں۔ جو پولیس شہری علاقوں میں اپنا تحفظ نہیں کر سکتی وہ عوام کا تحفظ کیا کرے گی؟
مرکزی صدر نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں خودکش دھماکہ ثبوت ہے کہ دہشتگرد اور ان کے سرپرست آج بھی ہماری گلی محلوں میں موجود ہیں اور انہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ خون کی ہولی کھیلتے ہیں۔ پوری قوم نے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے اتفاق رائے سے 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا تھا جسے شریف حکومت نے فائلوں تک محود رکھا اور جس کا نتیجہ قوم اور عدلیہ بھگت رہی ہے۔ دہشتگردی کی جنگ میں 70 ہزار سے زائد قربانیاں دینے کے باوجود دنیا ہمیں دہشتگردوں کی بلیک لسٹ یا گرے لسٹ میں شامل کرنے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جنگ دہشتگردوں کی بجائے انصاف کے اداروں سے ہے جس کا فائدہ ملکی استحکام اور امن کے دشمن اٹھارہے ہیں۔
تبصرہ