شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء دیت نہیں قاتلوں کے سر چاہتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
قائداعظم نے اپنی کمائی قوم کے نام کی، اشرافیہ قوم کی کمائی لے اڑی، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
نواز شریف منی لانڈرنگ کرنے کے جرم میں نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، ردعمل
لاہور (13 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے قاتل اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نااہل لیگ کا صدر بنائے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نااہل اور جھوٹے نواز شریف کو قائداعظم سے ملانے والوں کے منہ میں خاک، قائداعظم نے اپنی کمائی قوم کے نام کی، اشرافیہ قوم کی کمائی لے اڑی۔ نواز شریف منی لانڈرنگ کرنے کے جرم میں نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، ان کے خطاب سے لگ رہا تھا سینیٹ الیکشن کے نتائج سے ان کے دل اور دماغ پر گہرے زخم آئے اور شکست کی تکلیف ان سے برداشت نہیں ہورہی، ابھی تو یہ آغاز ہے اس کی انتہا بھی ہونی ہے۔
انہوں نے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور قائداعظم کے درمیان وہی فرق ہے جو حق و باطل کے درمیان، نیکی اور بدی کے درمیان، رزق حلال اور رزق حرام کے درمیان ہے۔ کسی جھوٹے اور قاتل کو بانی پاکستان کا نام اپنی زبان پر لانے کا کوئی حق نہیں۔ قاتل اعلیٰ پنجاب اب پاکستان کی تقدیر سے کھیلنے کے خواب دیکھ رہا ہے مگر شہدائے ماڈل ٹاؤن کا نا حق خون بہانے والے اس دنیا میں بھی ذلیل و رسوا ہونگے اور اگلے جہان میں بھی رسوا ہونگے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قاتل اعلیٰ نے ’’نااہلِ اعلیٰ‘‘ کی موجودگی میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف کوئی بات نہ کر کے یہ ثابت کیا کہ نااہل نواز شریف کا بیانیہ باطل ہے، وہ اپنی نام نہاد تحریک عدل پر قوم کو اعتماد میں لینے سے پہلے اپنے بھائی اور ن لیگ کے صدر کو قائل کریں اور اعتماد میں لیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت کورٹ کو عزت دینے سے ملے گی۔ نواز شریف کرپشن پر کک آؤٹ ہوئے ووٹ کی عزت کے نام پر انہیں اپنے معاشی جرائم سے معافی نہیں ملے گی، نااہل خاندان جان چکا ہے احتساب عدالت کے فیصلے ان کی کرپشن پر مہر لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں نااہلوں کے منہ پر جو جوتا پڑا ہے یہ آئندہ عام انتخابات کی ایک جھلک ہے۔
تبصرہ