8 مارچ یوم خواتین کی مناسبت سے منہاج ویمن لیگ کے زیراہتمام خصوصی مذاکرہ
موجودہ نظام میں خواتین اور بچے بدترین استحصال کا شکار
ہیں:عائشہ مبشر
خواتین غیر محفوظ ہوئیں، بچیوں کی آبروریزی کے بدترین واقعات نے والدین کو خوفزدہ
کیا
ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر 8 مارچ کے موقع پر دختران اسلام کے نام سے خصوصی
نمبر کا اجراء
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ماڈل ٹاؤن کی شہداء تنزیلہ امجد، شازیہ مرتضیٰ کے
بچے انصاف مانگ رہے ہیں
لاہور (7 مارچ 2018) پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی رہنماؤں عائشہ مبشر، زینب ارشد، ام حبیبہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ خصوصی مذاکرہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں خواتین کا بدترین استحصال ہوا، خواتین کیلئے مخصوص کیے گئے نوکریوں کے کوٹہ پر عمل نہیں ہوا اور نہ ہی خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا دائرہ کار، اضلاع اور تحصیل کی سطح تک بڑھایا گیا، خواتین کو اعلیٰ تعلیم سے محروم رکھنا ان کا بدترین استحصال ہے۔
عائشہ مبشر نے کہا کہ خواتین آج ماضی کی نسبت زیادہ غیر محفوظ ہیں، بچیوں کی آبرو ریزی اور قتل و غارت گری کے بدترین واقعات نے والدین کو خوفزدہ کیا، حکومتی اعلانات بجٹ دستاویزات اور فائلوں تک محدود رہے۔ زینب ارشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب خواتین کے تحفظ کے حوالے سے بدترین صوبہ ثابت ہوا، پنجاب میں سٹریٹ کرائم کا سب سے زیادہ شکار خواتین ہورہی ہیں، پنجاب حکومت کی ڈالفن فورس بھی ناکام ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور آئین پاکستان نے خواتین کو جو مقام دیا ن لیگ کے دور حکومت میں اس مقام اور وقار کو چھینا گیا۔
ام حبیبہ نے مذاکرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8 مارچ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہداء شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کے بچے انصاف مانگ رہے ہیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء 4 سال گزر جانے کے باوجود بھی انصاف سے محروم ہیں، موجودہ ظالم نظام میں خواتین اور بچوں بدترین استحصال کا شکار ہیں۔ مذاکرہ میں ایمن یوسف، میمونہ شفاعت، کلثوم طفیل اور دختران اسلام کی ایڈیٹر ام حبیبہ نے شرکت کی۔
مذاکرہ میں دختران اسلام کی ایڈیٹر ام حبیبہ نے بتایا پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر تحریک منہاج القرآن نے 8 مارچ یوم خواتین کی مناسبت سے ’’دختران اسلام ‘‘ کے نام سے خصوصی نمبر شائع کیا ہے۔ مارچ کے دختران اسلام میں خواتین کی سیاسی، مذہبی، سماجی اہمیت اور حقوق و فرائض پر خصوصی مضامین شامل کیے گئے ہیں۔ دختران اسلام میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ’’ارکان حج کی تشکیل و تکمیل بھی خاتون کی مرہون منت ہے‘‘ کے عنوان سے خصوصی مضمون بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ اسلام نے ناموس نسواں کی اہمیت کو کس طرح اجاگر کیا اس پر بھی خصوصی تحقیقی تحریریں شامل کی گئی ہیں۔
مذاکرہ میں لبنیٰ مشتاق، ام حبیبہ اسماعیل، ثناء وحید، ڈاکٹر شاہدہ مغل، نازیہ عبدالستار، ثمرین یاسین، صائمہ ایوب، ثناء، رخسانہ اسلم، نور فاطمہ، نائمہ باسط، آمنہ بتول، زارا ملک اور فوزیہ نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ