شہباز شریف کی کرپشن کا ’’چور سوئچ‘‘ احد چیمہ کے پاس ہے: خرم نواز گنڈاپور
شریف برادران عبرتناک انجام سے بچنے کیلئے خودکش جیکٹ پہنے گھوم رہے ہیں
قاتل اعلیٰ نے مخصوص بیوروکریٹس کے ذریعے کرپشن کی، احد چیمہ ان میں سے ایک ہیں
اداروں کو لڑانے کیلئے شریف برادران ایک سوچ ایک پیج پر ہیں، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (23 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی کرپشن کا ’’چور سوئچ‘‘ احد چیمہ کے پاس ہے، شریف برادران نے چند مخصوص بیوروکریٹس سے مل کر کرپشن کی احد چیمہ ان میں سے ایک ہیں، احد چیمہ کی گرفتاری پر اشرافیہ کی چیخیں بے سبب نہیں ہیں۔ بیوروکریٹس کو جبراً احتجاج پر اکسانے والے قاتل اعلیٰ پنجاب خود ہیں، شریف برادران عبرتناک انجام سے بچنے کیلئے خودکش جیکٹ پہنے گھوم رہے ہیں، زبردستی سول سیکرٹریٹ بند کروانا امور سرکار میں خود وزیراعلیٰ کی طرف سے رخنہ ڈالنا آئین سے بغاوت اور ریاست کے خلاف اعلان جنگ ہے چیف جسٹس کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ اپنے تحفظ میں اداروں کو لڑانے کیلئے نواز شریف اور شہباز شریف ایک سوچ اور ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد، خودمختار ملک ہے ایک آئین کے تابع ہے، یہاں گینگ وار کی کسی کو جرأت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج میں وہ بیوروکریٹس پیش پیش ہیں جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے غیر قانونی کام کیے اور اپنا حصہ وصول کیا، پڑھے لکھے ایماندار بیوروکریٹس کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں، ہر اس شخص کا مواخذہ ہونا چاہیے جس نے ملک لوٹا، قانون توڑا۔ کرپٹ اشرافیہ کے خلاف محب وطن افسران، عوامی حلقے ثابت قدم رہیں، اشرافیہ کی لاقانونیت اور آئین مخالف مہم سے دور رہیں کرپٹ ایلیٹ بڑی تیزی کے ساتھ اپنے عبرتناک انجام کی طرف بڑھ رہی ہے، انشاء اللہ ریاست، آئین اور ایمانداری فتح یاب ہو گی، انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ جبراً بند کروانے اور امور مملکت میں رخنہ ڈالنے والا کوئی اور نہیں قاتل اعلیٰ پنجاب خود ہے۔ وہ آئین کے آرٹیکل 5 کی نفی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ آرٹیکل 5 کہتا ہے مملکت سے وفاداری ہر شہری کا بنیادی فرض ہے، چند کرپٹ اور اشرافیہ کے ذاتی ملازم، افسران اکثریتی ایماندار، فرض شناس، بیوروکریٹس کو گمراہ کرنے اور حراساں کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ 90 ء میں میاں نواز شریف نے بطور وزیراعظم غیر قانونی حکم دیتے ہوئے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی کو ہتھکڑیاں لگوائیں حالانکہ وہ اس کا کوئی اختیار نہیں رکھتے تھے۔ نیب ایک آئینی ادارہ ہے اور کرپشن کے ٹھوس ثبوتوں کے بعد قانونی طریقے سے انہوں نے احد چیمہ کو گرفتار کیا۔ احد چیمہ اگر بے گناہ ہے تو وہ اپنی بے گناہی کے ثبوت دے، عدالتیں آزاد اور آئین و قانون کے مطابق اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔
تبصرہ