نااہلی کافی نہیں، لوٹی گئی قومی دولت واپس لانا اداروں کا بڑا امتحان ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
امانت، دیانت کو دوبارہ آئین سے جوڑ نے پر چیف جسٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں: سربراہ عوامی تحریک
نواز شریف کی کہانی ختم اگلی باری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ’’شریف جونیئر‘‘ کی ہے
غیر ملکی قوتوں نے چلے ہوئے ’’نا اہل کارتوس‘‘ کے سر سے اپنا ہاتھ اٹھا لیا
نا اہل کی عدلیہ مخالف مہم پر پیمرا کی خاموشی قابل گرفت ہے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دیکھ رہا ہوں: کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلیفون پر گفتگو
لاہور (22 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حکمران جماعت نے آئین پاکستان اور آئین کے دیباچہ سے دیانت اور صداقت کو نکالا، چیف جسٹس نے آئین سے دوبارہ جوڑ کر تاریخی فیصلہ دیا، قانون کے طالبعلم کی حیثیت سے میں اس شاندار فیصلہ پر انہیں صد ہا مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نا اہلی کافی نہیں، لوٹی گئی قومی دولت اور لندن سمیت دنیا بھر میں چھپائے گئے ناجائز اثاثے واپس لانا احتساب اور انصاف کے اداروں کا اصل امتحان اور ذمہ داری ہے۔ نواز شریف کی کہانی ختم اگلی باری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل شریف جونیئر کی ہے، ماڈل ٹاؤن میں بہنے والامعصوم خون انصاف کا منتظر ہے۔ غیر ملکی گواہوں کے بیانات نے نواز شریف کی جعل سازی پر مہر لگادی، جعل سازی کی گواہیاں دنیا کے چپے چپے سے آ رہی ہیں، پھر کہتا ہوں ابھی کرپشن کے سمندر کے چند قطرے سامنے آئے، پورا سمندر مخفی ہے۔ وہ عوامی تحریک کے کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلیفون پر گفتگو کر رہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں عوامی نمائندگی کے دعویدار کسی شخص کو اتنا رسوا ہوتے نہیں دیکھا ان کا ہر قدم ا نکے عبرتناک انجام کی طرف اٹھ رہا ہے۔ یہ قدرت کی گرفت ہے۔ اب کوئی حیلہ انکے کسی کام نہیں آئے گا، یہ اپنی ہی کرپشن کی دلدل میں سر تک دھنس چکے اور انکا تماشہ دنیا دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر ملکی قوتوں نے چلے ہوئے نا اہل کارتوس کے سر سے اپنا ہاتھ اٹھا لیا، کوئی مہذب جمہوری ملک اعلیٰ عدلیہ کے فیصلوں کے خلاف نہیں جا سکتا، عدلیہ کے فیصلے آئین اور قانون کے مطابق ہیں۔ نواز شریف کی کرپشن کا بیانیہ انکے گلے کا پھندا بن چکا۔ انہوں نے مزید کہاکہ نا اہل کی عدلیہ مخالف مہم پر پیمرا کا نوٹس نہ لینا قابل گرفت ہے۔ آئینی اداروں کو بدنام کرنیوالے نواز شریف کی میڈیا کوریج بین کیوں نہیں ہو رہی؟ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ نا اہل کے نامزد کئے ہوئے وزیر اعظم میں رتی برابر بھی حیا ہے تو مستعفی ہو جائیں۔ انہوں نے کہاکہ بے گناہ کارکنوں کے قاتلوں کا عبرتناک انجام نوشتہ دیوار ہے۔
تبصرہ