نواز شریف نے اسی اسمبلی کے فلور پر کس آئین کے تحت جھوٹ بولا؟ ڈاکٹر طاہرالقادری
شاہد خاقان عباسی بتائیں ماڈل ٹاؤن میں 100 شہریوں کو کس قانون کے تحت گولیاں ماریں گئیں؟
لاہور (19 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اسی اسمبلی کے فلور پر نواز شریف نے منی ٹریل کے حوالے سے جھوٹ بولا یہ جھوٹ کس آئینی حدود کے اندر تھا؟ چھانگا مانگا میں ووٹوں کی خرید و فروخت کونسی جمہوری روایات کے تحت تھیں، ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیاں کس آئین اور قانون کے تحت ماری گئیں؟ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اشرافیہ کو آئین کی وہی شقیں اچھی لگتی ہیں جو انکی لوٹ مار کو تحفظ دیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بتائیں کہ 97ء میں نواز شریف نے کس قانون کے تحت سپریم کورٹ پر حملہ کیا؟ اور شہباز شریف نے 2008 میں کس آئین اور جمہوریت کے تحت ق لیگ کے 42 ایم پی ایز توڑ کر فاروڈ بلاک بنایا اور پھر انہی لوٹوں کے ذریعے 5 سال حکومت کی؟ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی پی کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو نکالا اس پر کرپشن کا کوئی الزام نہ تھا اس کے باوجود پی پی نے اقتدار میں ہوتے ہوئے عدلیہ کے خلاف مہم چلائی نہ ججز کو گالیاں دیں؟ تخت لاہور خود کو آئین سے بالا سمجھتا ہے اس طرح ملک نہیں چلتے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیشہ کیلئے فیصلہ کر لیا جائے کہ اس ملک میں آئین بالادست ہے یا مافیا؟
تبصرہ