نیشنل یوتھ الائنس کی کور کمیٹی کا اجلاس کل عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہو گا
سیاسی، مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگ اور طلباء تنظیمات کے قائدین شرکت کرینگے:منصور قاسم اعوان
اجلاس میں نیشنل یوتھ الائنس کی انتظامی باڈی تشکیل دی جائیگی: سیکرٹری جنرل PAT یوتھ ونگ
نیشنل یوتھ الائنس کے نوجوانوں کی جدوجہد ملک کو باوقار مقام دلانے کی منزل تک لے جائے گی
لاہور (14 فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کی میزبانی میں نیشنل یوتھ الائنس کی کور کمیٹی کا اجلاس کل ماڈل ٹاؤن میں ہوگا، اجلاس میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن، انصاف یوتھ ونگ، مسلم یوتھ آرگنائزیشن (ق)، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن ق، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، جمہوری وطن پارٹی یوتھ ونگ سمیت ملک کی اہم سیاسی، مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگ اور طلباء تنظیمات کے قائدین شرکت کرینگے۔
اجلاس میں نیشنل یوتھ الائنس کی انتظامی باڈی تشکیل دی جائیگی، اجلاس میں نیشنل یوتھ الائنس کا لائحہ عمل اور اہداف بھی طے کئے جائینگے۔ اجلاس کے بعد یوتھ ونگ کے قائدین اور طلباء رہنما مشترکہ پریس بریفننگ بھی دیں گے۔ دریں اثناء نیشنل یوتھ الائنس کے اجلاس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت یوتھ ونگ کے سیکرٹری جنرل منصور قاسم اعوان نے کی۔ اجلاس میں شعیب مغل، عصمت علی، علی رضا نت، انعام مصطفوی، ملک چاند، حافظ وقار، عمر قریشی، عمر اعوان و دیگر شریک تھے۔
تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے منصور قاسم اعوان نے کہاکہ نیشنل یوتھ الائنس کے پلیٹ فارم سے نوجوان ملکی استحکام و بقا کیلئے جدوجہد کریں گے۔ نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ اور فعال سیاسی کردار کیلئے ملک بھر کی یوتھ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں گے۔ نیشنل یوتھ الائنس میں شامل نوجوانوں کی جدوجہد ملک کو باوقار مقام دلانے کی منزل تک لے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ لفاظی کی بجائے نوجوان عملی اقدامات کو اپنا مقصد بنائیں۔ نیشنل یوتھ الائنس کے ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے 20 رکنی یوتھ کونسل کا قیام بھی عمل میں لایا جائیگا۔ حکمرانوں کے جبر اور ظلم کے خلاف نوجوانوں کا متحرک ہونا ضروری ہے۔ حوصلہ مند اور باصلاحیت نوجوان ہی مایوسی کو امید میں بدل سکتے ہیں۔ آج کور کمیٹی کے اجلاس میں انتہائی اہم فیصلے کئے جائینگے۔
تبصرہ