اشرافیہ نے اپنے آخری سال کو غریب کیلئے ریلیف کی بجائے تکلیف کا سال بنا دیا : خرم نواز گنڈاپور
غریب کو اورنج ٹرین، میٹروبسوں سے زیادہ سستی روٹی، سستی بجلی، سستے پٹرول کی ضرورت ہے
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ واپس لیا جائے : بشارت جسپال، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری
ن لیگ کے پانچ سالہ دور حکومت میں بجلی، گیس، پانی، پھل سبزیاں، دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، اجلاس
لاہور (یکم فروری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شریف برادران نے کہا تھا حکومت کا آخری سال ریلیف کا سال ہو گا مگر غریب کیلئے تکلیف کا سال بنا دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا، گیس پہلے ہی ناپید تھی اوپر سے مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 6 روپے لٹر اضافہ کر کے غریب کا چولہا ٹھنڈا کر دیا گیا۔
پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول اور سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، بلاجواز اضافہ واپس لیا جائے، ریلیف کی بجائے عوام کی تکلیف میں اضافہ کیا جارہا ہے، عوام اس نام نہاد ترقی کو مسترد کرتے ہیں جس میں غریب عزت کے ساتھ چولہا نہ جلا سکے۔ رہنماؤں نے کہا کہ جب پٹرول ڈیزل بڑھتا ہے تو مہنگائی کا طوفان آتاہے، پھلوں، سبزیوں سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھتی ہیں اور غریب آدمی کے سفری اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں، حکمرانوں کو علم نہیں ایک مزدور کس طرح بیوی بچوں کا پیٹ پال رہا ہے، جب اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو مزدور کے گھر میں فاقے آتے ہیں، وہ اپنا کھانا کم کر دیتا ہے جس کی سفاک اور بے رحم حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ن لیگ کے پانچ سالہ دور حکومت میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں سو فیصد اضافہ ہوا، 65 روپے کلو والا دودھ 100 روپے میں بک رہا ہے، مٹن، بیف، پھلوں، سبزیوں میں 70 سے 150 فیصد اضافہ ہوا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک سال کے اندر تیس فیصد اضافہ ہوا، بجلی، گیس اور پانی کے گھریلو استعمال کے بلوں میں 20 سے 50 فیصد اضافہ ہوا، عام آدمی کا جینا دوبھر ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہی اضافہ نہیں ہوا بلکہ ہر قسم کی ادویات اور صحت کی سہولتیں بھی مہنگی ہوئیں، انہوں نے کہا کہ غریب کو کھربوں روپے کی اورنج ٹرین، موٹرویز یا میٹروبسیں نہیں سستی خوراک، سستی بجلی اور سستا پٹرول، ڈیزل چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ سے کسان بھی بری طرح متاثر ہونگے۔
تبصرہ