اورنج ٹرین کی کامیابی کیلئے پبلک روٹس بند کرنا ظلم ہے: عوامی تحریک
مستقبل کی کوئی حکومت اورنج لائن کے سفید ہاتھی منصوبے کا بوجھ
نہیں اٹھا سکتی
اورنج لائن ڈیڑھ کروڑ آبادی والے شہر کے عوام کی سفری ضروریات پوری نہیں کر سکتی:افضل گجر
شہباز حکومت کے نام نہاد ویلفیئر منصوبے ایک ایک کر کے ناکام ہوئے:صدر لاہور
لاہور (31 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر افضل گجر نے کہا ہے کہ میٹرو بس منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود فیروز پور روڈ پر ٹریفک کے مسائل حل نہیں ہوئے، مختلف مقامات پر ٹریفک بھی جام رہتی ہے، اب اسی ناکام پلان کو دہراتے ہوئے اورنج لائن کی کامیابی کیلئے 7 روٹس کی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو ظلم ہے، مزید روٹس بند کرنے سے نہ صرف ہزاروں خاندان بے روزگار ہونگے بلکہ ڈیڑھ کروڑ آبادی والے شہر کی تنہا اورنج ٹرین سفری ضروریات پوری نہیں کر سکے گی۔ اورنج ٹرین منصوبہ کو کامیاب بنانے کیلئے ہزاروں خاندانوں کو بیروزگار اور لاکھوں شہری سفری مشکلات سے دو چار کیے جارہے ہیں، شہباز حکومت نے سیمنٹ، سریے کے پہاڑ کھڑے کر کے لاہور کی آب و ہوا، قدرتی ماحول کو اپنی انا، ضد اور کمیشن کی بھینٹ چڑھا دیا۔ اپنی ہٹ دھرمی، ضد کی بھینٹ لاہور کے شہریوں کو نہ چڑھائے، میٹرو بس ہو یا اورنج ٹرین بالآخر ان منصوبوں کا مقدر ناکام ہونا ہے۔ مستقبل میں کوئی بھی حکومت ان سفید ہاتھی، قدرتی اور کاروبار دشمن منصوبوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا ہر منصوبہ ناکام ہوا جس میں سستی روٹی، آشیانہ سکیم، گرین ٹریکٹر سکیم، فوڈ سپورٹ پروگرام، لیپ ٹاپ، سولر لیمپ منصوبے شامل ہیں، اگلے ناکام ہونے والے منصوبوں میں قائداعظم سولر پارک، میٹرو بس اور اورنج ٹرین منصوبہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں لاکھوں بچے تعلیم اور لاکھوں شہری صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب قومی دولت ناکام منصوبوں میں اڑا رہے ہیں۔
تبصرہ