احتجاجی تحریک کی گاڑی کو پہلا گیئر لگایا، آغاز سے مطمئن ہوں، ضرورت پڑی تو آخری گیئر لگائیں گے : ڈاکٹر طاہرالقادری
سیاسی قیادت کو ایک سٹیج پر جمع کرنے کا 100 فیصد ہدف حاصل ہوا، کرسیوں کی گنتی ہمارا نہیں مخالفین کا مسئلہ ہے
بے گناہ انسانی خون بہانے کے غیر انسانی عمل کے خلاف قومی قیادت کا یکجا ہونا ایک بڑی پیشرفت ہے
آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے جلد سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے، سربراہ عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو
قاتل اشرافیہ کے خلاف تمام جماعتوں کے کارکن جھنڈے سے جھنڈا اور کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوئے
لاہور (18 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کی پہچان ہی عوامی طاقت ہے، ہمارے دشمن بھی ہماری اس طاقت سے اچھی طرح واقف ہیں، ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں ملوث شریف برادران کو کٹہرے میں لانے کیلئے ملک بھر سے کثیر تعداد میں سیاسی قیادت کو ایک سٹیج پر جمع کرنے کا ہدف 100 فیصد حاصل ہوا۔ حصول انصاف کیلئے شروع کیے گئے احتجاج کی گاڑی کو ابھی پہلا گیئر لگایا، کب کتنی طاقت دکھانی اور گاڑی دوڑانی ہے اس کا فیصلہ اپنی حکمت عملی کے مطابق کریں گے، کرسیوں کی گنتی ہمارا نہیں مخالفین کا مسئلہ ہے۔ جب جتنی عوامی طاقت درکار ہو گی جمع کر لیں گے۔ وہ سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے حصول انصاف کیلئے 17 جنوری کے احتجاج میں شریک ہونے والی جماعتوں کی جملہ قیادت اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حصول انصاف کی احتجاجی تحریک کے حوصلہ افزاء آغاز پر مطمئن ہوں، آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے جلد سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مال روڈ احتجاج میں انسانی حرمت کے تحفظ اور قاتل اشرافیہ کے خلاف تمام جماعتوں کے کارکن جھنڈے سے جھنڈا اور کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوئے، الحمدللہ اول تا آخر پیار، محبت اور قومی یکجہتی کا شاندار سماں رہا، ورنہ تنہا پارٹی کے جلسے میں کرسیاں چلنے کی مثالیں عام ہیں۔ متحدہ اپوزیشن کے مال روڈ کے احتجاجی جلسہ میں نہ کسی کے بینر کا مسئلہ تھا نہ کسی کے خطاب کا، نہ کسی کیلئے کرسی مسئلہ تھی نہ کسی نعرے کا کوئی مسئلہ تھا، مال روڈ کا احتجاجی جلسہ قومی پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں کا شاندار عملی مظاہرہ تھا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سب جماعتیں اپنے اپنے پارٹی منشور اور پالیسی کے مطابق سیاست کرنے اور مختلف ایشوز پر پارٹی موقف دینے کا حق رکھتی ہیں مگر بے گناہ انسانی خون بہانے کے غیر انسانی عمل کے خلاف قومی قیادت کا یکجا ہونا بہت بڑی پیشرفت ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ یکجہتی قائم رہی تو مٹھی بھر قاتل اپنے انجام سے کسی صورت بچ نہیں پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ایک انتہا پسند جماعت ہے، ن لیگ کے لیڈروں کے کالعدم جماعتوں سے روابط کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، شریف برادران دولت لوٹنے، بچانے، کرسی حاصل کرنے اور اسے بچانے کیلئے بے گناہوں کا خون بہانے سمیت کسی بھی سطح پر گر سکتے ہیں، سانحہ ماڈل میں 100 لوگوں کو گولیاں مارنا 14 کو شہید کرنا، قصور میں ڈائریکٹ فائرنگ کر کے شہریوں کو قتل کرنا اور سیاسی کارکنوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت جھوٹے مقدمات درج کرنا اس کے ناقابل تردید شواہد ہیں۔ ہم انتہا پسند ن لیگ کے نام نہاد ٹھیکیداروں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے اور وقت آنے پر آخری گیئر بھی لگا دیں گے۔
تبصرہ