بہت جلد بچوں، خواتین کی قاتل حکومت انجام کو پہنچے گی: خرم نواز گنڈاپور
ناظم دعوت قصور امین انصاری کی 9 سالہ بیٹی کے اغوا کے بعد قتل کی شدید الفاظ میں مذمت
لاہور (9 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے قصور میں تحریک منہاج القرآن کے ناظم دعوت محمد امین انصاری کی 9 سالہ بیٹی کے اغوا کے بعد قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور واحد ضلع ہے جہاں بچوں اور بچیوں کے ساتھ اس طرح کے درجنوں واقعات ہوئے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ جو حکومت بچوں کو تحفظ نہیں دے سکتی اسے حکومت کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔ بہت جلد بچوں، خواتین کی قاتل حکومت اپنے انجام کو پہنچے گی، انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو مختلف ہتھکنڈوں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے جو کسی طور پر قابل قبول نہیں۔ ڈی پی او قصور سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ دریں اثناء عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال، رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قاتلوں کوگرفتار کر کے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
تبصرہ