نواز شریف کی مایوسی بتا رہی ہے سعودی عرب میں ان کا کام نہیں بنا: رہنما عوامی تحریک
متفقہ نا اہل کس منہ سے قومی اداروں کو دھمکیاں دے رہا ہے: فیاض وڑائچ، بشارت جسپال و دیگر
![](https://minhaj.net/images-db8/PAT-Logo-PR.jpg)
لاہور (3 جنوری 2018) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران فیاض وڑائچ، بشارت جسپال اور نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی مایوسی بتا رہی ہے کہ ان کا سعودی عرب میں کام نہیں بنا، رہنماؤں نے قومی اداروں کو بالواسطہ دی گئی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک متفقہ نا اہل اور قومی خزانے کا چور کس منہ سے دھمکیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کیا ریاست اتنی کمزور ہو گئی کہ وہ ایک شخص کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے سوال کرنے نہیں بلکہ بہت سارے سوالوں کے جواب دینے ہیں کہ قوم نے انہیں قومی خزانے کی چابیاں سونپی تھیں تو پھر انہوں نے چوری کیوں کی؟ انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے ٹرمپ کی ہاں میں ہاں ملا کر اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ بھی پاکستان کے خلاف ہونیوالی سازشوں کے ایک کردار ہیں، تاریخ جانتی ہے کہ اپنے مفاد کیلئے قومی مفاد کا سودا کرنیوالے غداروں کا عبرت ناک انجام ہوا۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف میں اخلاقی جرات تھی تو صحافیوں کے سوالوں کا جواب دے کر اٹھتے، خارجہ پالیسی کی ناکامی کا ذمہ دار کوئی اور نہیں خود نواز شریف ہیں جنہوں نے ساڑھے 4 سال تک وزرات خارجہ کا قلمدان اپنے پاس رکھا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا حساب شروع ہے جلد عبرت ناک انجام ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ جلد سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب بھی ہو گا، نواز شریف سمیت قوم کو بھی پتہ چل جائیگا کہ اشرافیہ پردوں کے پیچھے کیا گل کھلاتی رہی؟
تبصرہ