شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون اور ورثاء کا صبر رنگ لائے گا: عوامی تحریک
انصاف کے لیے عدالت کی طرف دیکھ رہے ہیں، حکومت نے بنیادی حقوق
سلب کر لیے
جسٹس باقر نجفی رپورٹ پبلک کرنے کا حتمی فیصلہ قریب ہے: نعیم الدین چودھری، ناصر
اقبال ایڈووکیٹ
لاہور (21 نومبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون اور ورثاء کا صبر رنگ لائے گا، مظلوم انصاف کے لیے عدالت کی طرف دیکھ رہے ہیں، حکمرانوں نے بنیادی انسانی حقوق سلب کر لیے، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کیے جانے کا حتمی فیصلہ قریب آگیا ہے، انشاء اللہ فتح انصاف کی ہو گی اور قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ وہ عوامی تحریک کے وکلاء رہنماؤں نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، محمد ناصر اقبال ایڈووکیٹ، اشتیاق چوھری ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جب حکمران بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کی بجائے انہیں بلڈوز کرنے لگیں تو پھر عدلیہ آئین و قانون کی حفاظت کرتی ہے اور عملدرآمد یقینی بناتی ہے۔ وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ بیرسٹر علی ظفر ایڈووکیٹ نے دلائل مکمل کر لیے مزید سماعت 22 نومبر کو ہو گی۔ نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت ایگزیکٹو یا کسی جوڈیشل انکوائری کی رپورٹ روکنے کا قانونی حق نہیں رکھتی، کمیشن کے سربراہ چاہیں تو ازخود رپورٹ کو پبلک کر سکتے تھے، حکومت سانحہ میں ملوث ہے، اس کیس میں تو اس کا بالکل بھی یہ استحقاق نہیں بنتا کہ وہ ملزم کی حیثیت سے مظلوموں کے حق میں جانے والے کسی ثبوت کو روکے یا مظلوموں کے حق میں جانے والے ثبوت کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت اس سارے معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔ انشاء اللہ فیصلہ آئین، قانون اور انصاف کے حق میں آئے گا۔ ایگزیکٹو کو بنیادی انسانی حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں ملے گی۔
تبصرہ