شیخ رشید کی سربراہ عوامی تحریک سے ٹورنٹو میں ملاقات
اشرافیہ کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا، ملک بیرون ملک سے چل رہا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
اسی نظام کے تحت الیکشن ہوئے تو مزید نواز شریف جنم لیں گے، لنچ پر شیخ رشید سے گفتگو
ٹیکنو کریٹ کی حکومت کے بارے میں کچھ علم نہیں، معلومات میڈیا سے مل رہی ہیں
چیئرمین نیب کو نہیں جانتا، امید ہے وہ قوم کی توقعات اور آئینی تقاضوں پر پورا اتریں گے
وکلاء کی بحث تقریباً مکمل ہو چکی، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر آجانی چاہیے
شہباز حدیبیہ اور ماڈل ٹاؤن کیس میں دھر لیے جائینگے، میرا مسئلہ وقت سے پہلے خبریں دینا ہے :شیخ رشید
ٹورنٹو/ لاہور (31 اکتوبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ٹورنٹو کینیڈا میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ میرا ذاتی خیال ہے اشرافیہ اب سیاست میں نہیں رہے گی ان کا خاتمہ ہو چکا، پاکستان کی حکومت لندن شفٹ ہو چکی، ملک بیرون ملک سے چل رہا ہے، امید ہے چیئرمین نیب قوم کی توقعات اور آئینی تقاضوں پر پورا اتریں گے۔ ٹیکنو کریٹ پر مشتمل حکومت کے بارے میں معلومات صرف میڈیا سے مل رہی ہیں، الیکشن کب ہوں گے، کس نظام کے تحت اور کس شکل میں ہوں گے فی الحال اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر حکومتی انٹرا کورٹ اپیل میں سرکاری وکلاء کی بحث تقریباً مکمل ہو چکی، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر آجانی چاہیے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میں کینیڈا میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے منعقد ہ مختلف اجتماعات سے خطاب کروں گا، ڈاکٹر طاہرالقادری کے ہمراہ لنچ کیا جو میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ظاہر ہے دوسیاسی رہنما بیٹھیں گے تو سیاست پر گفتگو بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی جنگ آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، کرپشن اور پاکستان اب ایک ساتھ نہیں چل سکتے، پاکستان کے عوام اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں، اداروں کے خلاف منصوبہ بندیاں کرنے والے ناکام ہوں گے، ن لیگ کے اندر سے تبدیلی آئے گی، ایک بڑی تعداد جوگر پہنے بیٹھی ہے، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین جلد اپنا فیصلہ کرنے والے ہیں میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں وقت سے پہلے بات کر دیتا ہوں جسے پورا ہونے میں کچھ وقت لگتا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گی، شہباز شریف حدیبیہ پیپر ملز اور سانحہ ماڈ ل ٹاؤن کیس میں دھر لیے جائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ چیئرمین نیب کو ذاتی طور پر نہیں جانتا ان کے متعلق میری معلومات خبروں کی حد تک ہے، نیب آئینی دستوری ادارہ ہے اس وقت ملک کے مستقبل کے فیصلے میں اس کا بڑا اہم رول ہے، الیکشن کے بارے میں کوئی رائے نہیں دے سکتا، اس نظام کے تحت پہلے بھی بہت الیکشن ہوئے مگر حالات بہتر ہونے کی بجائے خراب ہوئے اس نظام کے تحت مزید الیکشن ہوئے تو مزید نواز شریف جنم لیں گے، دیکھنا یہ ہے ملک کی ترقی، بقا اور بہتری کس نظام سے ممکن ہے۔ ماڈل ٹاؤن کیس میں تیزی آئی ہے، ہم انصاف کے منتظر ہیں۔ اشرافیہ بیرون ملک بیٹھ کر قانون اور اداروں کا مذاق اڑا رہی ہے۔ دیکھتے ہیں یہ تماشا کب تک چلتا ہے۔
تبصرہ